نیب کو بلیک میل کر کے انتقام کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے، رانا ثنا اللہ


لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ نیب کو بلیک میل کر کے سیاسی انتقام کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی رانا ثنا اللہ نے لاہور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) بلاتا کسی کیس میں ہے اور گرفتار کسی اور کیس میں کر لیتا ہے۔ نیب کی بددیانتی کی وجہ سے ہی لاہور ہائی کورٹ میں آئے ہیں۔

انہوں نے ہائی کورٹ کے بینچ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ معزز بینچ کا مشکور ہوں جنہوں نے درخواست ضمانت منظور کی۔ نیب نے صدر مسلم لیگ ن پاکستان شہباز شریف کے ساتھ بھی بڑا خراب رویہ اپنایا۔ نیب کو بلیک میل کر کے سیاسی انتقام کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اس وقت ملک کے پہاڑ جتنے مسائل ہیں لیکن حکومت کا اس وقت سب سے بڑا بحران نواز شریف ہیں اور پوری کی پوری حکومت نواز شریف کی صحت پر الجھی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنا اس حکومت کے بس کی بات نہیں ہے اب وقت آ گیا ہے کہ مڈٹرم انتخابات ہوں۔

اس سے قبل رانا ثنا اللہ نے نیب تحقیقات میں ممکنہ گرفتاری کے پیش نظر لاہور ہائی کورٹ میں عبوری ضمانت کے لیے درخواست جمع کرائی۔ جس کی سماعت جسٹس باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی۔

یہ بھی پڑھیں رانا ثناءاللہ نے نیب تحقیقات کو عدالت میں چیلنج کر دیا

درخواست میں چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا تھا۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ نیب آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام کے تحت تحقیقات کر رہا ہے اور چیئرمین نیب نے اپنے اختیار سے تجاوز کرتے ہوئے تحقیقات کی منظوری دی۔ نیب نے قانونی جواز کے بغیر ہی طلبی کے نوٹسز بھجوائے۔

یہ بھی پڑھیں عدالت نے رانا ثنا اللہ کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کر دیا

رانا ثنا اللہ کی جانب سے درخواست میں کہا گیا کہ نیب ان اثاثوں کی تحقیقات کر رہا جن پر اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے منشیات اسمگلنگ کی رقم سے اثاثے بنانے کا الزام لگایا ہے جبکہ نیب کی طلبی نوٹسز کے بعد مسلسل نیب آفس میں پیش ہو رہا ہوں اور ہوتا رہوں گا۔ عدالت میری عبوری ضمانت منظور کرے۔


متعلقہ خبریں