کراچی میں تین منزلہ عمارت گر گئی، 13 افراد جاں بحق


کراچی کے علاقے گولیمار میں ایک تین منزلہ عمارت گرگئی جس کے نتیجے میں خاتون سمیت تیرہ افراد جاں بحق ہوگئے۔

واقعہ گولیمار نمبر دو میں رضویہ تھانے کے قریب پیش آیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔

ذرائع کے مطابق اب تک تیرہ لاشیں اور 22 زخمی عباسی شہید اسپتال پہنچ چکے ہیں، زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ میئر کراچی وسیم اختر نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ متاثرہ عمارت میں آپریشن مکمل ہونے تک تمام متعلقہ افسران اور عملہ ڈیوٹی موجود رہے گا۔

مزید پڑھیں: کراچی میں 6 منزلہ عمارت گر گئی

انہوں نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ضلع وسطی کے چیئرمین ریحان ہاشمی کو امدادی کاموں کی نگرانی کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور ڈاکٹر اور طبی عملے کو الرٹ کردیا گیا ہے، ٹراما سینٹر میں اقدامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 56 سالہ مصطفیٰ سے ہوئی ہے جبکہ خاتون کا نام ڈاکٹر فاطمہ جمال تھا جن کی کلینک عمارت کی نچلی منزل پر واقع تھی۔

زخمیوں میں 42 سالہ خرم، 18 سالہ دانیال، 70 سالہ حمیدہ خاتون اور 8 سالہ حماد، 35 سالہ عارفہ اور 28 سالہ اویس شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مخدوش عمارتوں کا انہدام، فوری حل طلب مسئلہ

حادثے کے بعد آئی جی سندھ مشتاق احمد مہر نے ایس ایس پی سینٹرل کو ریسکیو اقدامات اٹھانے کے احکامات جاری کردیئے۔

مشتاق احمد مہر نے کہا کہ ایس ایس پی سنیٹرل ریسکیو اقدامات کو ہر لحاظ سے مربوط اور مؤثر بنائیں۔

رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جبکہ علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور گورنر سندھ عمران اسماعیل نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔

وزیراعلی سندھ نے کمشنر کراچی کو فوری آپریشن کرکے پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے ہدایت دی کہ ڈی سی کو فوری علاقہ میں بھیجا جائے اور عمارت کی تعمیر کے حوالے سے تفصیلات بھی طلب کیں۔

ان کہنا تھا کہ یہ عمارت کب بنی تھی، قانونی طور پر بنائی گئی یا غیرقانونی؟، امدادی آپریشن کے بعد رپورٹ دی جائے۔


متعلقہ خبریں