خلیل الرحمان نے اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹنے سے انکار کردیا

خلیل الرحمان قمر

ملک کے معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر نے کہا ہے کہ انہوں نے دین اور اپنی آنے والی نسلوں کیلئے اپنی انڈسٹری سے مخالفت کر لی ہے اور اب وہ پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

خلیل الرحمان قمر پر گزشتہ کئی دنوں سے  ماروی سرمد کے ساتھ ہونے والے مکالمے کی وجہ سے سخت تنقید ہو رہی ہے۔ معروف ڈرامہ نگار نے ایک لائیو ٹی وی شو کے دوران سماجی رہنما ماروی سرمد کے متعلق نازیبا الفاظ استعمال کیے تھے۔

اس وقت سے سوشل میڈیا پر الفاظ کی جنگ جاری ہے جس میں لبرلز اور خلیل الرحمان قمر کے حامی آمنے سامنے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: خلیل الرحمان قمر کی ماروی سرمد سے بدتمیزی

معروف ڈرامہ نگار نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ’ میں کبھی پیچھے نہیں ہٹوں گا عزت اور ذلت میرے پروردگار کے ہاتھ میں ہے میرے مخالف میرا کچھ نہیں بگاڑ سکتے‘۔

ماروی سرمد اور خلیل الرحمان قمر کا تنازعہ اس وقت شروع ہوا تھا جب سماجی کارکن نے ایک شو کے دوران ڈرامہ نگار کی بات کاٹی، شو میں عورت مارچ کے متعلق بات ہورہی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: لبرل ازم کو پاکستان میں کبھی پروان نہیں چڑھنے دیں گے، خلیل قمر

خلیل الرحمان قمر لبرل ازم کیخلاف سخت خیالات رکھتے ہیں اور ایک ٹویٹ میں کہہ بھی چکے ہیں کہ پاکستان میں اس نظریے کو پروان چڑھنے نہیں دیا جائے گا۔

ماروی سرمد کے ساتھ اشتعال انگیز مکالمے کے بعد شوبز انڈسٹری کے ستارے، سیاسی جماعتوں کے رہنما اور کچھ صحافیوں نے بھی خلیل الرحمان قمر پر نہ صرف تنقید کی بلکہ ان کو معافی مانگنے کا بھی کہا ہے۔ جس کے جواب میں ڈرامہ نگار کا کہنا ہے کہ وہ اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

 


متعلقہ خبریں