اقتدار کے لیے انتخابات نہیں چاہتے، سابق وزیراعظم

فائل فوٹو


کراچی: مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہم اقتدار کے لیے نہیں بلکہ نظام درست کرنے کے لیے انتخابات چاہتے ہیں۔

شہر قائد میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے شاہدخاقان عباسی کا مزید کہنا تھا کہ قائداعظم کے پاکستان میں اس وقت جمہوریت نہیں آمریت ہے، ہم اقتدار کے بھوکے نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی کا راج ہے اور وزیراعظم لاپتہ ہیں، حکومتی نمائندے بھی مہنگائی کا جواب نہیں دے پا رہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں عوام فیصلہ کریں۔

تفصیل پڑھیں: شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کی ضمانتیں منظور

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ حکومت کو عوام کی مشکلات کا احساس نہیں، عوام مہنگائی کی چکی میں  پس رہے ہیں مگر حکومت مہنگائی کا جواب نہیں دے پائی۔ آج آٹا 70 روپے فی کلو جب کہ چینی90 روپے فی کلو ہو چکی ہے۔

انہوں نے وزیراعظم سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ آٹا کیوں مہنگا ہوا، عمران خان جواب دیں۔

شاہد خاقان عباسی کا مزید کہنا تھا کہ بیروزگاری بھی خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے۔

وفاقی حکومت کی جانب سے برطانوی حکومت کو نواز شریف کو ڈی پورٹ کرنے کے لیے لکھے گئے خط کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے خط کی حیثیت ردی کے کاغذ سے زیادہ نہیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ مسلم لیگ ن آئندہ انتخابات جیت کر رہے گی۔

تفصیل پڑھیں: کراچی میں تین منزلہ عمارت گرگئی، تین افراد جاں بحق

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ کراچی آئے ہیں سب سے ملاقات کریں گے۔ 2018 میں کراچی روشنیوں کا شہر تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے اپنی سیاست کرنی ہے اور ہم نے اپنی سیاست کرنی ہے مگر ہم سب کا مقصد ایک ہی ہے اور وہ ہے ملکی ترقی۔

شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ موجودہ نظام میں ملک ترقی نہیں کر سکتا۔


متعلقہ خبریں