وینزویلا کے صدر کی خواتین کو چھ، چھ بچے پیدا کرنے کی تلقین


ایک ایسا ملک جو پہلے ہی معاشی مشکلات اور خوراک و ادویات کی کمی کا شکار ہے، وہاں کے صدر نے اپنے ملک کی خواتین سے چھ چھ بچے پیدا کرنے کی درخواست کر دی ہے۔

ایک ٹیلی وژن پروگرام کے دوران وینزویلا کے صدر نکولس مدورو نے اپنے ملک کی خواتین سے درخواست کی کہ وہ چھ بچے پیدا کریں۔

انہوں نے یہ دعا بھی کی کہ ’خدا آپ پر رحمت عطا فرمائے کہ آپ چھ چھ ننھے منے لڑکے لڑکیوں کو پیدا کریں۔‘

تفصیل پڑھیں: وینزویلا میں فوجی مداخلت بہت برا اقدام ہوگا،روس

ان کی اس درخواست اور دعا پر سوشل میڈیا پر بہت تنقید کی جا رہی ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ اس وقت جبکہ ملک معاشی بحران سے گزر رہا ہے صدر خواتین کو زیادہ بچے پیدا کرنے کی تلقین کر رہے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومت کو صحت کی پالیسیوں پر توجہ دینی چاہیے، اس کے ساتھ ساتھ خواتین کو موزوں خوراک کی فراہمی بھی یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔

یاد رہے کہ یونیسف کے مطابق 2013 سے 2018 کے درمیانی پانچ سال میں تیرہ فیصد بچوں کو مناسب خوراک نہیں ملی تھی، اسی طرح ورلڈ فوڈ پروگرام کے مطابق ایک تہائی آبادی بنیادی خوراک کے حصول میں مشکلات کا شکار ہے۔

مزید پڑھیں: امریکہ نظرانداز: ایردوان نے وینزویلا سے تجارت بڑھانے کا عندیہ دے دیا

وینزویلا کی ایک این جی او نے گزشتہ برس بتایا تھا کہ ملک میں نوزائیدہ بچوں کو ترک کر دینے کے رجحان میں ستر فیصد اضافہ ہوا ہے۔

جنوبی امریکہ کے اس ملک میں سیاسی عدم استحکام کے باعث صورتحال خراب ہے۔ دنیا کے بہت سے ممالک نے حزب اختلاف کے رہنما جان گوائیڈو کو ملک کا رہنما تسلیم کر رکھا ہے لیکن زمینی حقائق یہ ہیں کہ صدر مدورو ابھی تک تخت اقتدار پر فائز ہیں۔ انہیں فوج کی حمایت بھی میسر ہے۔

بشکریہ دی گارجین


متعلقہ خبریں