پاکستان کسان اتحاد کا زائد بلوں کیخلاف دھرنا ختم کرنے کا اعلان


ملتان: پاکستان کسان اتحاد کے ممبران نے ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) کی جانب سے بھیجے گئے زائد بلوں کے خلاف احتجاجی دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

پاکستان کسان اتحاد کے عہدہ داروں کا کہنا ہے کہ میپکو انتظامیہ سے ان کے ابتدائی مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں۔

ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان کسان اتحاد کے رہنما چودھری محمد انور نے کہا کہ کسان اتحاد نے میپکو آفس کے باہر جاری دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور میپکو انتظامیہ نے اوور بلنگ اور بل درستی کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

زائد بلوں کے معاملے پر مذاکراتی کمیٹی میں کسان اتحاد کی جانب سے چودھری محمد انور، ذوالفقار اعوان، پرویز بھلر شریک ہوئے۔

مزید پڑھیں: موجودہ حکومت میں کسان کیلئے حالات بہت خراب ہیں، صدر پاکستان کسان اتحاد

کسان اتحاد کے رہنماؤں سے مذاکرات میں چیف ایگزکٹیو آفیسر میپکو، ریجنل پولیس آفیسر ملتان وسیم سیال،کمشنر ملتان اور  اسسٹنٹ کمشنر ملتان سٹی  شریک ہوئے۔

گزشتہ سال نومبر میں پاکستان کسان اتحاد نے مطالبہ کیا تھا کہ گندم کا ریٹ 1500 روپے من اور گنے کا ریٹ کم ازکم 250 سے 300 روپے من کیا جائے۔

کسان اتحاد نے مطالبہ کیا تھا کہ زرعی ٹیوب ویلز فیول پرائس ایڈجسمنٹ ٹیکس کا خاتمہ اور ٹیرف میں کمی کی جائے.اوور بلنگ اور اوور ریڈنگ کا سختی سے نوٹس لیا جائے۔

یہ مطالبہ پاکستان کسان اتحاد کے مرکزی صدر خالد محمود کھوکھر نے چیف سیکرٹری پنجاب سے ملاقات کے دوران کیا تھا۔

مزید پڑھیں: پنجاب حکومت سے مذاکرات کامیاب، کسانوں کا دھرنا ختم کرنے کا اعلان

اس موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر نے کہا تھا کہ گنے گندم وغیرہ کے ریٹ سمیت حکومت کسانوں کے جملہ مسائل پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ صوبائی حکومت کسانوں کے مسائل کے حل کے حوالے سے وفاقی حکومت سے مکمل رابطے میں ہے. حکومت زراعت کی اہمیت اور کسانوں کے مسائل سے بھی آگاہ ہے.

یوسف نسیم کھوکھر نے کہا تھا کہ کوئی بھی فیصلہ کرنے سے قبل حکومت اس کے تمام پہلوؤں پر غور کرتی اور دیکھتی ہے.۔

کسان اتحاد کے مرکزی صدر خالد محمود کھوکھر نے کہا تھا کہ مہنگائی اور پیداواری اخراجات میں اضافے کے پیش نظر کسانوں کی فصلات کے ریٹس میں اضافہ کسانوں کا جائز حق ہے۔


متعلقہ خبریں