اداکار امان اللہ خان انتقال کر گئے



لاہور: مزاحیہ اداکار اور پاکستانی تھیٹر کا معروف نام امان اللہ خان انتقال کر گئے ہیں۔ امان الله گزشتہ طویل عرصے سے سانس اور گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے۔

امان اللہ خان ایک ہفتے سے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔ امان اللہ نے ستر برس عمر پائی۔

امان اللہ خان پاکستان میں اسٹینڈ اپ کامیڈی کے بانیوں میں شمار کیے جاتے ہیں اور پاکستان بھر میں ان کے مداحوں کی تعداد کروڑوں میں ہے۔ انہوں نے 860 تھیٹر پلیز میں کام کیا ہے جو کہ ایک عالمی ریکارڈ ہے۔

پنجاب کی دھرتی میں آنکھ کھولنے والے امان اللہ کو خدا نے فن کی نعمت سے ایسا نوازا تھا کہ اوائل عمری سے صلاحیتوں کا جادو جگانا شروع کردیا۔

امان اللہ نے پاکستانی تھیٹر کو منفرد اصناف بخشیں اور کئی دہائیوں تک تھیٹر کے اسٹیج پر راج کیا۔

نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں امان اللہ کے فن کی دھوم مچی اور انہوں نے اپنی لائیو پرفارمنسز کے ذریعے خوب داد سمیٹی۔ امان اللہ نے فلم ون ٹو کا ون اور فلم نامعلوم افراد میں کام کیا اور اپنی اداکاری سے مداحوں کے دل جیت لیے۔ فنی خدمات کے اعتراف میں امان اللہ کو 2018 میں صدارتی ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔

مزاحیہ اداکار کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے اداکار قوی خان کا کہنا تھا کہ امان اللہ بہترین فطرت کے مالک تھے۔ ان میں جو خوبیاں تھیں وہ کم لوگوں میں پائی جاتی ہیں۔

قوی خان کا کہنا تھا کہ امان اللہ نے جس کے ساتھ بھی کام کیا ان سے اچھا تعلق رواں رکھا، ہماری نسل کو ہنسانے والے ادارکاروں سے سیکھنا چاہیے۔

بشریٰ انصاری نے کہا کہ امان اللہ خان کی کمی محسوس کی جائے گی۔ افتخار ٹھاکر نے کا کہنا تھا کہ امان اللہ نے آخری بات کی کہ اپنا اور بچوں کا خیال رکھا کرو۔ وہ  شفیق اور محبت کرنے والے انسا ن تھے۔ افتخار ٹھاکر نے کہا کہ امان اللہ نے لوگوں کی دلوں پر راج کیا اور آج سب کوچھوڑ گیا۔

 


متعلقہ خبریں