کیمیکل فیکٹری میں گیس لیکج ، 150 سے زائد ملازمین اسپتال داخل


کراچی: پورٹ قاسم اینگرو پولیمر کیمیکل کمپنی میں گیس لیکج کے باعث متعدد ملازمین کی حالت غیر ہو گئی، 150 سے زائد کو شہر قائد کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔

اس ضمن میں فیکٹری میں کام کرنے والے ملازم کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت ہزاروں ملازمین فیکٹری میں کام کر رہے تھے، اچانک سے دھماکے کی آواز آئی اور دھواں پھیل گیا۔

ورکر نے موقف اختیار کیا ہے کہ حادثے میں بڑی تعداد متاثر ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: عمارت گرنے سے 16 افراد جاں بحق، ریسکیو آپریشن جاری

دوسری جانب ریسکیو اہل کاروں کا کہنا ہے کہ 50 سے زائد متاثرین کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا ہے جب کہ 36 زخمیوں کو الخدمت اسپتال اور 25 سے زائد اسٹیل ملز اسپتال منتقل کیے گئے ہیں۔

ریسکیو ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ 20 سے زائد متاثرین کو عائشہ اسپتال اور دیگر کو 100 بیڈ اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

ڈائریکٹر جناح اسپتال کراچی سیمی جمالی کا اس حادثے کے متاثرین کے بارے میں کہنا ہے کہ پورٹ قاسم فیکٹری سے 70  متاثرہ افراد کو اب تک جناح اسپتال لایا جاچکا ہے،  تمام افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس آخری مراحل  میں داخل

پورٹ قاسم کی کیمیکل فیکٹری میں گیس لیکج کے باعث ہونے والے حادثے کے بارے میں ایس ایس پی ملیر کا کہنا ہے کہ متاثرین کو اسپتال روانہ کیے جانے کے بعد صورت حال نارمل ہو گئی ہے۔

انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ فیکٹری میں گیس کا اخراج بند کردیا گیا ہے اور باہر نکالے گئے تمام فیکٹری ورکرز کو واپس بلوالیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں