ن لیگ عورت مارچ کے حق میں ہے، رانا ثناء اللہ

فائل فوٹو


لاہور: پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ان کی جماعت خواتین نسواں کے حوالے سے ہونے والے عورت مارچ کے حق میں ہے۔

لاہور میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک نعرہ جو تنازع کا باعث بنا ہوا ہے اس کو غلط معنی دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔ میرا جسم میری مرضی کے بجائے میری زندگی میری مرضی کرتے تو بہت بہتر ہوتا۔

مزید پڑھیں: ن لیگ دو گروپوں میں تقسیم ہو گئی ہے، فواد چوہدری

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ملک میں وسط مدتی انتخابات کرانے بہت ضروری ہیں۔ حکومتی اتحادیوں سے رابطے اس لیے کیے ہیں کہ موجودہ حکومت اور وزیراعظم کے رویے سے پاکستان کی معیشت تباہ ہورہی ہے۔ اگر یہی حالات چھ ماہ جاری رہے تو ہو سکتا ہے ایک ایسا مارچ نکلے جو لیڈر کے بغیر ہو،جسے کوئی روک نہ سکے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ علیحدہ علیحدہ جماعتیں ہیں۔ ہر جماعت اپنا تشخص برقرار رکھتے ہوئے اپنا کردار ادا کرے۔ ملک اور قوم کی بہتری کیلئے تمام جماعتوں کو ایک پیج پر لائیں گے۔  پی ٹی آئی میں جو انتہا ہسند نہیں ان سے بھی بات کریں گے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ سارے ملکر ایک مشترکہ اعلامیہ دیں، ملکر احتجاج کریں، اپنا اپنا احتجاج فائدہ مند نہیں ہوگا۔ سیاسی موسم دوہزار بیس میں بدل جائے گا۔

مزید پرھیں: نیب کو بلیک میل کر کے انتقام کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے، رانا ثنا اللہ

انہوں نے کہا کہ جو ریکارڈ نیب نے طلب کیا جہاں تک ہوسکا، اسکو مکمل کرکے ایک سو تیس صفحات کی فائل ڈائریکٹر کے حوالے کی ہے۔ اگر نیب کوئی اور انکوائری چاہتا ہے تو وہ لکھ کر دے اسکا بھی جواب دیا جائے گا۔

لیگی رہنما نے کہا کہ نیب کو ایک ادارے کے طور ہر اپنا تشخص برقرار رکھنا چاہیے۔ نیب کو شہنشاہ اکبر کے ہتھیار کے طور ہر نہ لیا جائے۔ نیب اپوزیشن کے خلاف انکوائریاں کررہا ہے۔ حکومتی لوگوں کے کیسز سرد خانے میں پڑے ہیں۔ نیب کو انصاف سے کام لینا چاہیے۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ میرے جتنے بھی اثاثے ہیں وہ قانون کے مطابق سب ٹھیک ہیں۔ پوری دنیا میں میرا کوئی ایک روپے کا اثاثہ یا اکاؤنٹ ہے تو بتائیں۔ دو سال سے نیب اسی جستجو میں ہے کہ کوئی ایک روپیہ یا پراپرٹی نکل آئے۔اگر میں نے کسی اثاثے کی قیمت کم کی ہے تو میں جوابدہ ہوں۔


متعلقہ خبریں