کورونا وائرس: پاک ایران سرحد پہ زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری

کورونا وائرس: پاک ایران سرحد پہ زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری

تفتان: پاک ایران سرحد پہ واقع امیگریشن گیٹ پر زائرین کی آمد کا سلسلہ آٹھویں دن بھی جاری ہے۔ پاک ایران سرحد تجارت کے لیے گزشتہ 13 دن سے بند ہے۔

ایران میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ، پاکستان نے زائرین کے جانے پر پابندی لگادی

ہم نیوز کے مطابق ایران سے آج 397 پاکستانی آئے ہیں جن میں 287 زائرین ہیں اور110 مقامی تاجر ہیں۔

ذمہ دار ذرائع کے مطابق ایران سے آنے والے زائرین اور مقامی تاجروں کی پاک ایران امیگریشن گیٹ پہ مکمل اسکریننگ کی گئی۔ تاجروں کو اسکریننگ کے بعد شہر میں جانے کی اجازت ملی۔

ہم نیوز نے ذمہ دار ذرائع سے بتایا ہے کہ ایران سے اب تک 4222 پاکستانی تفتان آچکے ہیں جن میں زائرین کی تعداد 3083 ہے جب کہ مقامی تاجران 1139 ہیں۔ پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت گزشتہ 13 روز سے بند ہے۔

ایران میں کورونا وائرس کے بڑھتے مریضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے 23 فروری 2020 کو پاکستان نے زائرین اور دیگر مسافروں کو ہمسایہ ملک جانے سے روک دیا تھا۔ اس ضمن میں سرحدی علاقوں میں طبی ایمرجنسی بھی نافذ کی گئی تھی اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پہ زور دیا گیا تھا۔

کورونا وائرس: حکومت سندھ کو 1213 زائرین کی تلاش

بلوچستان کے محکمہ صحت کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی ہدایت پر کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تفتان میں ایمرجنسی سینٹر قائم کردیا گیا ہے۔

صوبائی محکمہ صحت کا کہنا تھا کہ تفتان کی سرحد پر پہلے سے دو ڈاکٹرز تعینات ہیں جب کہ مزید سات ڈاکٹر آٹھ تھرمل گنز کے ساتھ پہنچ گۓ ہیں۔ ڈاکٹروں کی ٹیم کو ایران سے آنے والے زائرین سمیت دیگر مسافروں کی اسکریننگ کی ذمہ داری تفویض کی گئی تھی۔

ہم نیوز نے بتایا تھا کہ ایران کے ساتھ آمد و رفت کے دیگر پانچ راستوں پر بھی مکمل احتیاطی تدابیر اور حفاظتی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے این آئی ایچ کی ٹیموں نے بھی تفتان پہنچ کر طبی عملے کو تربیت فراہم کی تھی۔

کورونا وائرس سے مزید 30 افراد ہلاک، 80 ہزار سے زائد متاثر

محکمہ صحت نے پی ڈی ایم اے کی معاونت سے تفتان میں 100 بستروں پر مشتمل خیمہ اسپتال بھی قائم کیا تھا اور موبائل دفتر بھی کام کررہا تھا۔


متعلقہ خبریں