اسلام آباد چڑیا گھر انتظامیہ کی غفلت، ہاتھی نے رات بارش میں گزاری


اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے مرغزار چڑیا گھر انتظامیہ کی غفلت کے باعث ہاتھی نے رات کھلے آسمان تلے بارش میں گزار دی۔

اسلام آباد کے چڑیا گھر میں موجود واحد ہاتھی کاوان دو روز قبل اپنے پنجرے کی گہری جگہ میں پھنس گیا تھا تاہم حسب روایت چڑیا گھر کی انتظامیہ کی جانب سے ہاتھی کو باہر نکالنے کے لیے کوئی اقدام نہیں کیے گئے جس کی وجہ سے کاوان نے ساری رات موسلا دھار بارش میں کھلے آسمان تلے گزاری۔

چڑیا گھر انتظامیہ کے مطابق کاوان کے پھنس جانے کے معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں جبکہ 2 عہدے داروں کو معطل بھی کر دیا گیا ہے جبکہ ڈائریکٹر چڑیا گھر سے بھی وضاحت طلب کی گئی ہے۔

ہاتھی کے معاملے کی تحقیقات کے باوجود پنجرے میں موجود گہری جگہ کو دوبارہ تعمیر نہیں کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں ’چڑیا گھر کے جانوروں کی خوراک کے لئے اس سال کوئی فنڈز ہی نہیں رکھے‘

واضح رہے کہ مرغزار چڑیا گھر کے واحد ہاتھی کاوان کو اپنے ساتھی کے ہمراہ 1985 میں سری لنکا سے لایا گیا تھا تاہم 2012 میں کاوان کی ساتھی کی بھی انتظامیہ کی غفلت کے باعث جان چلی گئی تھی اور اس کے بعد سے کاوان تنہا زندگی گزار رہا ہے۔

گزشتہ سال اسلام آباد کے چڑیا گھر میں جانوروں کو خوارک کی فراہمی معطل کر دی گئی تھی۔ جس کی وجہ بل کی عدم ادائیگی بتائی گئی تھی۔

تین ماہ کی رقم کی عدم ادائیگی کے سبب کمپنی نے میٹروپولیٹن حکام کو خط لکھ کر خوراک فراہم کرنے سے معذرت کر لی تھی۔


متعلقہ خبریں