فیس بک نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اشتہار بند کر دیا


فیس بک نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی الیکشن کمپین کا اشتہار بلاک کر دیا ہے، سوشل میڈیا ویب سائیٹ کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ اشتہار کمپنی کی پالیسی کے خلاف ہے۔

صدر ٹرمپ کی جانب سے فیس بک پر ایک سروے جاری کیا گیا جس میں شہریوں سے مردم شماری کے متعلق سرکاری فارم پر کرنے کا کہا گیا۔

مزید پڑھیں : آنے والے امریکی انتخابات کے حوالے سے فیس بک کی تیاریاں

فیس بک انتظامیہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکہ میں ہونے والی سرکاری مردم شماری کے متعلق غلط فہمی سے عوام کو محفوظ رکھنے کے لیے پالیسی بنائی گئی ہے جس کے تحت اس اشتہار کو بلاک کیا گیا ہے۔

اس سے قبل اسپیکر ایوان نمائندگان نینسی پیلوسی نے اس اشتہار پر اعتراض کرتے ہوئے بیان دیا تھا کہ یہ ٹرمپ کی دوبارہ انتخابات میں حصہ لینے والی مہم کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ یہ اشتہار ایک جھوٹ ہے جو فیس بک کی گمراہ کرنے والی پالیسی کی تعریف پر پورا اترتا ہے۔

اسپیکر نے کہا کہ فیس بک کے بزنس ماڈل کو نفع سے غرض ہے لیکن اسے امریکی عوام کی تعداد کی قیمت پر نہیں ہونا چاہیے۔

مزید پڑھیں : فیس بک کا کورونا وائرس سے متعلق گمراہ کن اشتہارات پر پابندی کا فیصلہ

گزشتہ برس فیس بک نے اعلان کیا تھا کہ وہ امریکی انتخابات کے پیش نظر اپنی پالیسیوں میں تبدیلی لا رہے ہیں اور قواعد و ضوابط سخت کر رہے ہیں۔

انتظامیہ نے کہا تھا کہ صرف ان سیاسی مشتہرین کو اشتہار چلانے کی اجازت ہوگی جن کے پاس حکومت کے جاری کردہ تصدیق شدہ سرٹیفیکٹ یا کاغذات ہونگے۔

فیس بک نے سوشل میڈیا پر اشتہار چلانے والے تمام سیاسی مشتہرین  کو اس حوالے سے مکمل معلومات فراہم کرنے یا سرٹیفکٹ آن لائن پوسٹ کرنے کا کہا تھا۔

 


متعلقہ خبریں