بلاول بھٹو زرداری کو نیب کی دی گئی ڈیڈ لائن ختم

فوٹو: فائل


اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہو گئی۔

نیب کی بلاول بھٹو زرداری کے خلاف جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی تحقیقات جاری ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کو نیب کی جانب سے سوالنامے کا تحریری جواب جمع کرانے کا حکم دیا گیا تھا تاہم بلاول بھٹو زرداری اب تک سوالنامہ جمع نہ کرا سکے۔

ذرائع کے مطابق تین ہفتوں کی ڈیڈ لائن کے باوجود بلاول بھٹو نے نیب کو تحریری جواب جمع نہیں کرایا۔ جس کی وجہ سے نیب چیئرمین پیپلز پارٹی کو دوبارہ کسی بھی وقت طلب کر سکتی ہے۔

نیب نے بلاول بھٹو کو 35 سوالات کا تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کی تھی جبکہ نیب نے زرداری گروپ آف کمپنینز سے متعلق معلومات بھی بلاول بھٹو سے مانگی تھیں۔ نیب تحقیقاتی ٹیم تمام امور سے ڈی جی نیب راولپنڈی کو آگاہ کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں نیب کو بلیک میل کر کے انتقام کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے، رانا ثنا اللہ

واضح رہے کہ بلاول بھٹو زرداری 13 فروری کو نیب تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوئے تھے۔ جہاں ان کا بیان ریکارڈ کیا گیا تھا۔ بلاول بھٹو زرداری کو تحریری جواب جمع کرانے کے لیے 10 روز کی مہلت دی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں نیب نے مردے کو بھی نوٹس بھیج کر طلب کر لیا

ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان منگی کی زیر نگرانی تفتیشی ٹیم نے بلاول بھٹو سے سوالات کیے تھے جبکہ عرفان منگی کی جانب سے بھی بلاول بھٹو سے براہ راست سوالات کیے گئے تھے۔

نیب نے بلاول کو زرداری گروپ کمپنی کے 2008 سے 2019 تک کا تمام ریکارڈ لانے کی ہدایت کی تھی جبکہ پی پی پی چیئرمین سے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی فہرست بھی طلب کی گئی تھی اور اپنی قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد بلاول بھٹو نے نیب میں پیش ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔


متعلقہ خبریں