تفتان سرحد پر قرنطینہ سینٹر میں گنجائش ختم، ایران سے پاکستانیوں کی آمد جاری

فائل فوٹو


چاغی: ایران سے پاکستانیوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے جب کہ کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے تفتان سرحد پر بنائے گئے قرطینہ سینٹر میں گنجائش ختم ہوگئی ہے۔

سرحدی حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز مزید 397 افراد ایران سے پاکستان میں داخل ہو ئے جن میں 287 زائرین، 110 مقامی تاجر اور عام لوگ شامل ہیں۔

ہم نیوز کو بتایا گیا کہ ایران سے اب تک 4225 پاکستانی آچکے ہیں جن میں 3100 زائرین اور 11 25 مقامی تاجر اور عام لوگ شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: پاک ایران سرحد پہ زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری

ذرائع کے مطابق ایران سے مزید آنے والوں کو تفتان سرحد پر قرطینہ سینٹر میں رکھنے کی گنجاہش ختم ہے جس کے سبب مزید آنے والے زائرین کو کویٹہ ہزار گنجی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے این ڈی ایم اے نے گزشتہ روز گیارہ ٹن سامان بذریعہ جہاز اسلام آباد سے دالبندین پہنچایا گیا ہے۔ سامان میں میں ہیوی جنریٹرمشین، طبی آلات، میڈیکل کٹس اور ادویات شامل ہیں۔

ایران میں کورونا وائرس کے بڑھتے مریضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے 23 فروری 2020 کو پاکستان نے زائرین اور دیگر مسافروں کو ہمسایہ ملک جانے سے روک دیا تھا۔ اس ضمن میں سرحدی علاقوں میں طبی ایمرجنسی بھی نافذ کی گئی تھی اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پہ زور دیا گیا تھا۔

محکمہ صحت نے پی ڈی ایم اے کی معاونت سے تفتان میں 100 بستروں پر مشتمل خیمہ اسپتال بھی قائم کیا تھا اور موبائل دفتر بھی کام کررہا تھا۔


متعلقہ خبریں