مریخ صاف اور شفاف آپ کے سامنے


ناسا کے کیوراسٹی روور نے مریخ کی سطح کی سب سے ہائی ریزولیوشن اور وسیع پس منظر کی تصویر تیار کی ہے، یہ تصویر 2019 کی تھینکس گونگ چھٹی کے دنوں میں 1000 تصاویر کو اکٹھا کر کے بنائی گئی ہے۔

اسے ترتیب دینے میں کئی ماہ لگے ہیں اور یہ 1.8 ارب پکسلز پر مشتمل ہے۔ اس میں روور کا ایک حصہ بھی دکھائی دیتا ہے۔

روور کے اوپر لگے کیمرا (ماسٹ کیمرا) نے اپنے ٹیلی فوٹو لینز استعمال کر کے یہ منظرنامہ تخلیق کیا ہے، ساتھ ساتھ اس نے اپنے لوور ریزولیوشن کے لینز بھی استعمال کیے ہیں اور اس کے ذریعے ایک الگ منظر نامہ تشکیل دیا ہے۔

دونوں پینوراماز نے مریخ پر موجود ماؤنٹ شارپ کی اس طرف کو دکھایا ہے جسے گلین ٹروڈن کا نام دیا جاتا ہے۔

یہ تصاویر 24 نومبر 2019 اور یکم دسمبر 2019 کے دوران لی گئی تھیں، اس دوران مشن کی ٹیم تھینکس گونگ کی چھٹیوں پر گئی ہوئی تھی تاہم روور اپنا کام کرتا رہا اور ایک ہی مقام پر کھڑے رہ کر اپنے اردگرد کے نظاروں کو کیمرہ پر منتقل کرتا رہا۔

کیوراسٹی روور نے چار دن تک روزانہ ساڑھے چھ گھنٹے صرف کر کے انفرادی تصاویر حاصل کیں۔ ماسٹ کیم کے آپریٹرز نے مختلف اقسام کے پیچیدہ ٹاسک کر کے اس تصویر کو مکمل کیا۔

ناسا میں موجود ایک سائنسدان کا کہنا ہے کہ اس دوران جبکہ ٹیم چھٹیاں منانے میں مصروف تھی، کیوراسٹی اپنا کام کرتا رہا اور ہماری آنکھوں کے لیے ایک شاندار دعوت نظارہ تخلیق کرتا رہا۔

انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے جب ہم نے 360 ڈگری زاویے کا ایک مکمل منظر اکٹھا کرنے کا فیصلہ کیا۔

 


متعلقہ خبریں