برقع پہن کر 1 کروڑ کی چوری


دبئی: دبئی پولیس نے عورت کا لباس اوڑھے نقاب پوش مرد چور کو گرفتار کر کے کمپنی سے چوری کی گئی دو لاکھ ستائیس ہزار درہم برآمد کرلیے ہیں۔

تھانہ نائف کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر ترک تہلک نے بتایا کہ کمپنی کی طرف سے ایمرجنسی کال موصول ہونے کے چار گھنٹے بعد چور کو گرفتار کرلیا گیا اور رقم برآمد کرلی گئی۔

پولیس آفیسر نے بتایا کہ سرویلینس ٹیم نے کیمروں کی مدد سے نقاب پوش چور کا سراغ لگایا۔ چور ثبوت مٹانے اور کمپنی کے اندر دفتروں میں درازیں کھولنے کے لیے ٹیشوز کا استعمال کرتا تھا۔

نائف پولیس کا کہنا ہے کہ چور کمپنی کا مرکزی دروازہ نہیں توڑتا تھا اور حفاظتی کیمرے اس کے چہرے کی شناخت نہیں کرسکتے تھے اور وہ نقاب پہن کر درازیں توڑ کر پیسے چراتا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے علاقے میں نصب سیکیورٹی کیمروں سے ملنے والی کلپس کے ساتھ چور کی حرکات کا موازنہ کیا اور اس کی نشاندہی کی۔

مزید پڑھیں: بھکر: بھکارنوں نے آٹے کی چوری شروع کردی

دوران تفتیس چور نے اپنی ہی کمپنی سے ایک لاکھ چھیالیس ہزار درہم اور بائیس ہزار امریکی ڈالر چوری کرنے کا اعتراف کرلیا ہے۔ نائف پولیس نے چور کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے، تاہم اس کا تعلق ایشیائی ملک سے بتایا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق چور سے مزید تفتیش جاری ہے اور کمپنی کے دوسرے ملازمین کو بھی شامل تفتیش کیا جاسکتا ہے۔

کمپنی کے مالک نے نائف پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ کئی سالوں سے دبئی میں رہائش پزیر ہیں اور پولیس کی وجہ سے ہمیشہ خود کو محفوظ سمجھتے ہیں۔

متعلقہ خبریں