دنیا کو بھارت کی صورتحال کا نوٹس لینا چاہیے، شاہ محمود قریشی


ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ دنیا کو بھارت کی موجودہ صورتحال کا نوٹس لینا چاہیے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں بنگلہ دیش کی عوام کا شکر گزار ہوں جنہوں نے دہلی فسادات کے مرکزی کردار کے خلاف احتجاج کیا جبکہ افغان عوام بھی مودی کے خلاف سڑکوں پر موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ترک صدر اور ایرانی سپریم لیڈر نے بھی دہلی میں مسلمانوں پر حملے کی مذمت کی ہے۔ اب دنیا کو بھی بھارت کی صورتحال کا نوٹس لینا چاہیے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دہلی کے مسلمانوں کا قصور صرف اتنا ہے کہ وہ مسلمان ہیں اور بھارت دنیا کے امن کو آگ لگانا چاہتا ہے۔ بھارت میں مسلمانوں سمیت اقلیتیں محفوظ نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم کش فسادات کی وجہ سے بھارتی وزیر اعظم مودی کو پورپین پارلیمنٹ کا دورہ منسوخ کرنا پڑا کیونکہ یورپی پارلیمنٹ میں بھارت کی انتہا پسندی پر بھی بات ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں طالبان کی امن معاہدہ توڑنے سے متعلق خبروں کی تردید

ہندوستان کے مسلمانوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ پوری امت مسلمہ ہندوستان میں مقیم مسلمانوں کے ساتھ ہے۔

افغانستان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کچھ قوتیں افغانستان میں امن نہیں چاہتیں تاہم انٹرا افغان مذاکرات جلد شروع ہونے چاہیئں۔ افغان صدر اشرف غنی طالبان قیدیوں کی رہائی پر رضا مند دکھائی دیتے ہیں جبکہ عبداللہ عبداللہ پر حملے کی طالبان نے مذمت کی۔


متعلقہ خبریں