بلوچستان میں نئی سیاسی جماعت ‘باپ’ بنانے کی تیاری

بلوچستان کابینہ میں اختلاف کی خبروں کی تردید | urduhumnews.wpengine.com

کوئٹہ: گزشتہ کچھ عرصے میں اپنی وفاداریاں تبدیل کرنے والے اراکین اسمبلی وسینیٹرز بلوچستان میں نئی سیاسی جماعت ‘باپ’ بنانے کی تیاریاں مکمل کر چکے ہیں۔

توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ اپنی جماعت ق لیگ سے الگ ہونے والے وزیراعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نئی جماعت کے قیام کا اعلان کریں گے۔

مقامی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ سینیٹ انتخاب سے قبل صوبے میں ہوئی ہلچل کے بعد بلوچستان میں اب نئی سیاسی جماعت بنائی جا رہی ہے۔ نیشنل پارٹی، ق اور ن لیگ کے باغی رہنماؤں کی جانب سے نئی جماعت کے لئے بلوچستان عوامی پارٹی Balochistan Awami Party (باپ) کا نام تجویز کیا گیا ہے۔

نئی سیاسی جماعت کے لئے سابق گورنر بلوچستان نواب ذوالفقار علی مگسی، سابق سینیٹر سید ہاشمی اور مسلم لیگ ن کے رہنما جان محمد جمالی کلیدی کردار ادا کررہے ہیں۔ گزشتہ 20 سے 25 سال کے دوران مرکز اور صوبائی حکومت میں شامل رہنے والے رہنما بھی اس کا حصہ ہیں۔

بعپ یا باپ نامی پارٹی کی صدارت کے لئے وفاقی وزیر جمال کمال اور سابق گورنر بلوچستان نواب ذوالفقار علی مگسی کے نام تجویز کیے گئے ہیں۔

معاملے سے جڑے ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی پارٹی کے نام کے علاوہ جھنڈے کے متعلق بھی طے کر لیا گیا ہے۔

امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ عوامی پارٹی آئندہ عام انتخابات میں پیپلزپارٹی اور جمعیت علمائے اسلام سمیت دیگر جماعتوں سے اتحاد کرکے صوبے اور وفاق میں حکومت کا حصہ بنے گی۔

ذرائع کے مطابق نیشنل پارٹی کے منحرف رکن میر خالد لانگو، وزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیر میر ضیا لانگو، پشتونخوا میپ کے سابق رکن صوبائی اسمبلی  منظور کاکڑ، شیخ جعفر مندوخیل، کریم نوشیروانی، رقیہ ہاشمی، امان اللہ نوتیزئی، وفاقی وزیر جام کمال، سردار صالح بھوتانی، وزیرداخلہ میر سرفراز بگٹی، عاصم کرد گیلو، پرنس احمد علی، غلام دستگیر بادینی نئی سیاسی جماعت میں شامل ہوں گے۔

بلوچستان سے آزاد منتخب ہونے والے چھ سینیٹرز کے متعلق بھی دعوی کیا گیا ہے کہ وہ نئی جماعت میں شمولیت کی یقین دہانی کرا چکے ہیں۔

دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ق لیگ کی مرکزی قیادت سے ملاقات کے بعد پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے۔ ان کے مطابق ق لیگ کی مرکزی قیادت نے بلوچستان کے وسیع ترمفاد میں میرا فیصلہ قبول کیا ہے۔

امکان ہے کہ نئی جماعت کے قیام کا اعلان آج کسی بھی وقت کر دیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں