ق لیگ میں تحریک انصاف کا کوئی رہنما شریک نہیں ہوا، جہانگیر ترین


لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ ق لیگ میں تحریک انصاف کا کوئی رہنما شریک نہیں ہوا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو اپنا بھی پتہ نہیں ہوتا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔

خیال رہے کہ جہانگیر ترین کا یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب کچھ روز قبل ق لیگ میں سابق وفاقی وزیر سمیت 13 سیاسی رہنماؤں نے شمولیت اختیار کی تھی۔

مزید پڑھیں: کچھ لوگ عمران خان کو ناکام کرنا چاہتے ہیں، چودھری مونس الٰہی کا دعویٰ

قائم مقام گورنر پنجاب اور ق لیگ کے سینئر رہنما چوہدری پرویز الہٰی سے ملاقات میں شمولیت کا اعلان کیا گیا۔

گورنر ہاؤس میں شمولیت کی تقریب میں رکن قومی اسمبلی چوہدری مونس الہٰی اور کامل علی آغا بھی شریک تھے۔

فیصل  آباد سے سابق وفاقی وزیر ٹیکسٹائل مشتاق احمد چیمہ، اوکاڑہ سے  سابق رکن صوبائی اسمبلی دیوان اخلاق، اوکاڑہ ہی سے سابق رکن صوبائی اسمبلی میاں اصغر علی جیویکا پارٹی میں شامل ہوگئے۔

ان کے علاوہ سابق ٹاؤن ناظم سجاد حیدر، سمندری سے ٹکٹ ہولڈر قومی اسمبلی خالد محمود گل بھی ق لیگ میں شامل ہوگئے۔

یہ بھی جانیں: چودھری پرویز الٰہی، مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے لیے نہیں آئے!

ان کے علاوہ صداقت خان لودھی، ضیا اللہ گجر، ریحان کسانہ، حاجی عبدالقادر ، عارف چیمہ، عامر وڑائچ، ٹکٹ ہولڈرز رائے قادر اور خالد پرویز گل بھی مسلم لیگ ق  میں شامل ہوگئے۔

شمولیت کی تقریب میں مسلم لیگ ق کے رہنما اور سابق رکن اسمبلی عارف گل بھی موجود تھے۔

اس موقع پر چوہدری پرویزالہی نے شامل ہونے والوں کا خیر مقدم کیا اور فیصلہ کیا گیا کہ نئے شامل ہونے والوں کو بلدیاتی انتخابات میں اہم عہدوں پر میدان میں اتارا جائے گا۔


متعلقہ خبریں