وزیراعظم سے ملاقات، چیف جسٹس نے بہتری کی نوید سنا دی


اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے کہا ہے کہ اب کابینہ میں کوئی سمری نہیں رکے گی۔ وزیراعظم سے ملاقات کے بعد معاملات میں تیزی سے پیش رفت ہوگی۔

یہ ریمارکس چیف جسٹس نے وفاقی اسپتالوں میں سہولیات سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران دیے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت عظمی کے تین رکنی بینچ کو بتایا کہ اسپتالوں کے سربراہان کی تقرری کی سمری وفاقی کابینہ کو دوبارہ بھیجیں گے۔

چیف جسٹس نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے گزشتہ روز ہونے والی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اب کوئی سمری نہیں رکے گی۔ صحت کے انتظامی معاملات سمیت سیکرٹری صحت بھی ڈاکٹر ہی ہونا چاہیے۔ ابھی حکومت کو کام کرنے دیں بعد میں دیکھیں گے کہ اچھے لوگ لگائے گئے ہیں کہ نہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ اگر حکومت نے تاخیر کی تو اچھے لوگوں کی تقرری ہم خود کریں گے اور اس کے بعد مستقل تقرری آئندہ حکومت خود کرلے گی۔

گزشتہ روز وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور چیف جسٹس آف پاکستان کے درمیان عدالت عظمی کی عمارت میں اہم ملاقات ہوئی تھی۔

18 مارچ کو سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کو سرکاری اسپتالوں میں تقرریوں سے روک دیا تھا۔ جس پر وزیر مملکت نے اعتراض کرتے ہوئے حکم پر نظر ثانی کی درخواست کی تھی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے تھے کہ حکومت کے دو ماہ رہ گئے ہیں نئی حکومت آئے گی تو تقرریوں کے معاملات دیکھیں گے۔


متعلقہ خبریں