سعودی عرب میں کورونا وائرس سے متاثرہ چار نئے کیس سامنے آ گئے


ریاض: سعودی عرب میں کورونا وائرس سے متاثرہ چار نئے کیس سامنے آگئے ہیں جس کے بعد ملک میں اس وبا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 11 ہو گئی ہے۔ 

سعودی وزارت صحت کے مطابق چاروں نئے مریض بھی ایران سے واپس وطن پہنچے تھے، حکومت  کی جانب سے قطیف شہر میں داخلی اور خارجی عارضی پابندی عائد کر دی ہے۔

خیال رہے کہ قطیف شہر سے زیادہ تر افراد ایران اور عراق کا سفر کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں : پاکستان میں کورونا کا پہلا مریض صحتیاب ہو گیا

واضح رہے کہ کورونا وائرس کو روکنے کی تمام کوششیں اب تک بے سود ثابت ہوئی ہیں، یہ وبا مختلف ممالک میں پنجے گاڑنے میں کامیاب رہی ہے.

اب تک کورونا وائرس سے 97 ممالک میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ ہو گئی ہے جبکہ  3495 افراد ہلاک یو چکے ہیں۔

چین میں مزید 28 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جس کے باعث وہاں ہلاکتوں کی تعداد 3 ہزار 70 ہو چکی ہے جبکہ امریکی ریاست فلوریڈا میں کورونا وائرس سے 2 افراد کے ہلاک ہونے کے بعد امریکہ میں ہلاکتوں کی تعداد 17 ہو گئی۔

سان فرانسسکو کے ساحل پر روکے گئے بحری جہاز گرینڈ پرنسس میں کورونا وائرس کے 21 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے، جہاز میں 11 سو 50 افراد سوار تھے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تمام مسافروں کو جہاز میں ہی رکھنے کی ہدایت کی ہے ۔

انگلینڈ میں مہلک وائرس سے دوسرا شخص جان کی بازی ہار گیا جبکہ کوسٹا ریکا اور براعظم جنوبی امریکہ کے ملک کولمبیا میں بھی کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آ گیا ہے۔

جنوبی کوریا میں وائرس کے 483 کیس سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد ساڑھے چھ ہزار سے زائد ہو گئی۔ اس ملک میں اب تک 44 افراد اس مرض کا شکار ہو کر ہلاک ہو چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : کورونا وائرس کی ویکسین کیا ہے اور کب تک تیار ہو گی؟

اٹلی کورونا وائرس سے بری طرح متاثر ہوا ہے اور مرنے والوں کی تعداد 197 ہو گئی، ایران میں 124، فرانس میں 9، اسپین میں 8، عراق میں 2 اور نیدر لینڈز میں ایک شخص ہلاک ہوا ہے۔

اسی طرح متحدہ عرب امارات میں 15 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

عالمی ادارۂ صحت کا کہنا ہے کہ وائرس کا پھیلاؤ شدید تشویش کا باعث ہے، تمام ممالک اس کا پھیلاؤ روکنے کو اپنی ترجیح بنائیں۔

یہ بھی پڑھیں کورونا وائرس: سعودی شہریوں کو بھی عمرے کی ادائیگی سے روک دیا گیا

دوسری جانب کورونا وائرس کے پیش نظر مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ کو حفاظتی اقدامات کے پیش نظر رات کے اوقات میں بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ ہر فرض نماز کے بعد سعودی عرب کی مساجد میں اسپرے کیا جائے گا۔

بیت اللہ کے صحن میں طواف کو بند کر دیا گیا ہے تاہم طواف کا سلسلہ بالائی منزلوں میں جاری رہے گا۔


متعلقہ خبریں