کورونا وائرس کے حملے جاری، امریکہ میں مزید 3 افراد ہلاک

فوٹو: فائل


اسلام آباد: دنیا بھر میں کورونا وائرس کے حملے جاری ہیں امریکہ میں مزید 3 افراد مہلک وائرس سے ہلاک ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق چین سمیت دنیا کے بیشتر ملکوں میں کورونا وائرس کے اثرات بڑھ رہے ہیں۔ امریکہ میں مزید 3 افراد ہلاک ہو گئے جس کے بعد امریکہ میں ہلاکتوں کی تعداد 22 ہو گئی جبکہ 526 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔

امریکہ کی 30 ریاستوں میں کورونا وائرس پھیلنے کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ امریکی ریاست اوریگن میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر ایمرجنسی نافذ ہے۔

چین میں کورونا وائرس سے مزید 22 افراد ہلاک ہو گئے جس کے بعد چین میں ہلاکتوں کی تعداد 3 ہزار 119 ہو گئی۔ چین میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ 80 ہزار 735 ہو گئی۔ جنوبی کوریا میں بھی مزید 3 افراد کی ہلاکت کے بعد وہاں ہلاکتوں کی تعداد 53 ہو گئی۔

سعودی عرب میں بھی کورونا وائرس کے 4 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثر افراد کی تعداد 15 ہو گئی۔ اٹلی میں اب تک 366 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ایران میں بھی 194 افراد کورونا وائرس کے باعث موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔

کورونا وائرس سے اب تک ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 3 ہزار 830 ہو چکی ہے جبکہ وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 10 ہزار سے تجاوز کر گئی۔

یہ بھی پڑھیں کورونا وائرس، سعودی عرب میں تعلیمی ادارے بند

کورونا وائرس کی وجہ سے تیل کی گرتی ہوئی قیمتوں کے باعث ٹوکیو اسٹاک ایکسچینج میں 5 فیصد کمی ہوئی ہے جبکہ ہانگ کانگ اسٹاک ایکسچینج 3.8 کی کمی پر اوپن ہوا اور شنگھائی اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار 1.5 کی کمی پر شروع ہوا۔


متعلقہ خبریں