نیب نے ملک کو مفلوج اور معیشت تباہ کر دی، شاہد خاقان عباسی


اسلام آباد: سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نیب نے ملک کو مفلوج اور معیشت کو تباہ کر دیا ہے اب نیب کو ختم کر دینا چاہیے۔

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چھ ماہ گزر گئے قومی احتساب بیورو (نیب) الزامات ثابت نہیں کر سکا ہے جبکہ نئے ترمیمی آرڈیننس کے بعد اختیارات کے غلط آستعمال کا الزام ختم ہو چکا۔ میرے دوستوں اور رشتہ داروں پر نیب والے دباؤ ڈالتے ہیں کہ ان کے اثاثے شاہد خاقان کے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیب کو صرف پولیٹیکل انجینئرنگ کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے اور یہ نیب کے پرانے تماشے ہیں بس ایک ہی طریقہ ہے کہ لوگوں کو بدنام کیا جائے۔ نیب کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ چیئرمین نیب میری ضمانت سے متعلق ذرا ہائی کورٹ کی باتیں معلوم کر لیں۔ نیب نے ملک کو مفلوج اور معیشت کو تباہ کر دیا ہے۔ ایف آئی اے بھی مہنگائی سے متعلق کام نہیں کر سکتا، مہنگائی سے متعلق حکومت پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری حزب اختلاف میں ہیں یا حکومت میں ؟ شاہ محمود قریشی کشمیر پر ہمیں جواب دیں جبکہ فواد چوہدری ہمیں جلد چاند پر پہنچائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں وزیر اعظم عمران خان مسائل کو جڑوں سے ختم کر رہے ہیں، گورنر پنجاب

شہبا شریف کی وطن واپسی سے متعلق بات کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ شہباز شریف جلد واپس آئیں گے جبکہ حکومت کی جانب سے برطانیہ کو لکھے گئے خط کا کوئی سفارتی جواز نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی بڑی کامیابی اور کیا ہو گی کہ حکومت، بلاول بھٹو اور میڈیا ن لیگ کی بات کرتے ہیں۔

شاہد خاقان عباسی ایل این جی ریفرنس میں احتساب عدالت پہنچے تھے۔


متعلقہ خبریں