حارث رؤف کے معاملے پر رسک نہیں لے سکتے، لاہور قلندرز


لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز لاہور قلندرز کا کہنا ہے کہ انجرڈ فاسٹ بولر حارث رؤف کے معاملے پر رسک نہیں لینا چاہتے کیوں کہ وہ صرف لاہور کا نہیں بلکہ پاکستان ٹیم کا بھی اثاثہ ہیں۔

فرنچائز ترجمان کے مطابق آسٹریلوی کھلاڑی کرس لِن اور حارث رؤف کا ری ہیبلیٹیشن پروگرام جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کرس لِن کے پیٹ میں درد تھا تاہم وہ اگلے میچ تک فٹ ہوجائیں گے۔

مزید پڑھیں: بگ بیش لیگ، حارث رؤف ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں شامل

ترجمان نے بتایا کہ حارث رؤف کے ٹخنے میں انجری ہے اور ڈاکٹروں نے انہیں ابھی مزید آرام کا مشورہ دیا ہے۔

ان کے مطابق ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اگر فاسٹ بولر کو میچ کھلایا گیا تو فریکچر ہوسکتا ہے۔

خیال رہے کہ 28 فروری کو لاہور قلندرز کو اپنے تیسرے میچ سے قبل بڑا دھچکہ اس وقت لگا جب حارث رؤف دائیں پاؤں میں انجری کا شکار ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور قلندرز کو بڑا دھچکہ، حارث رؤف انجری کے باعث اسکواڈ سے باہر

ان کی جگہ سلمان ارشاد کو اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا تھا جس کی منظوری ایونٹ کی ٹیکنیکل کمیٹی نے دے دی ہے۔

ذرائع کے مطابق حارث رؤف اپنے دائیں پاؤں کی ایڑھی میں درد محسوس کررہے تھے تاہم ان کے ایم آرآئی اور سٹی اسکین میں کسی قسم کے فریکچر کی نشاندہی نہیں ہوئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹرز نے حارث رؤف کو آرام کا مشورہ دیا ہے۔


متعلقہ خبریں