وزیراعظم کا گیس، بجلی کی قیمتیں نہ بڑھانے کا اعلان


مہمند: وزیر اعظم عمران خان نے قبائلی علاقوں کے نوجوانوں کو قرضے فراہم کرنے اور گیس اور بجلی کی قیمتیں نہ بڑھانے کا اعلان کر دیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے خیبر پختونخوا کے علاقے مہمند میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بجلی اور گیس کے مہنگے معاہدے ہم سے پہلے کیے گئے تھے اور  جس قیمت پر بجلی بن رہی ہے اس سے کم قیمت پر بیچ نہیں سکتے۔ بجلی کی قیمت بڑھانا پڑی کیونکہ قرض بڑھ رہے تھے تاہم ہم نے نچلے طبقے پر بجلی نہیں بڑھائی۔ مہنگی بجلی بنانے والے پاور اسٹیشنز کو بند کر دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں دنیا سے کہہ رہا تھا کہ مودی کی حکومت انتہا پسند ہے اور پوری دنیا سے کہہ رہا تھا کہ اگر آواز بلند نہیں کرو گے تو خون ہو گا لیکن پھر پوری دنیا نے دلی میں غریب مسلمانوں پر ظلم ہوتے دیکھا۔ ہم بھارتی حکومت کے مظالم کی سخت مذمت کرتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ چینی حکومت نے ملک کو اوپر اٹھانے کے لیے غریب عوام کے لیے صنعتیں لگائیں اب چین دنیا میں سب سے تیزی سے اوپر جا رہا ہے۔ 3 سال میں چین نے 70 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا۔

انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں نے بھی بہت عرصے تک دہشت گردی کا سامنا کیا اور دہشت گردی کا سب سے زیادہ نقصان قبائلی علاقوں کا ہوا جس کی وجہ سے قبائلی علاقے کے لوگ دیگر شہروں سے پیچھے رہ گئے لیکن اب قبائلی علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کا وقت آ گیا ہے۔ اب ہمیں قبائلی علاقے کے لوگوں کو آگے بڑھانے کا وقت ملا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پورے مہمند میں زیتوں کے باغات لگائیں گے جس کے بعد ہمیں بیرون ملک سے زیتوں منگوانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ مہمند میں سب سے اچھا سنگ مرمر پایا جاتا ہے ہم یہاں سنگ مرمر کے کارخانے لگائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں مشکل وقت کا مقابلہ کرنا نہ سیکھتا تو آج کھڑا نہیں ہوتا، عمران خان

وزیر اعظم نے اعلان کیا کہ قبائلی علاقے کے نوجوانوں کو کاروبار کے لیے قرضے دیے جائیں گے جبکہ ڈھائی ہزار طلبا کو اسکالر شپس بھی دیں گے۔ میرے علاوہ کوئی قبائلی عوام کے لیے آواز نہیں اٹھایا۔ احساس پروگرام کے تحت لوگوں کو قرضے دیے جائیں گے تاکہ وہ اپنا کاروبار کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کرے افغانستان میں امن معاہدہ کامیاب ہو اور وہاں امن قائم ہو۔


متعلقہ خبریں