نواز شریف کے دور میں بھی سندھ کو پورا حق نہیں دیا گیا، بلاول بھٹو

فوٹو: فائل


لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ نواز شریف کے دور میں بھی سندھ کو پورا حق نہیں دیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 10 سال گزر گئے ہیں نہ پچھلی حکومت اور نہ یہ حکومت کوئی منصوبہ لے کر آئی ہیں، دونوں عام آدمی پر بوجھ ڈالتی رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2018 کے الیکشن میں بتایا تھا کہ ہم معاشی بحران کی طرف جا رہے ہیں، ہمیں اپنے مقامی معاشی ماہرین کو سننے اور سمجھنے کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نالائق اور سلیکٹڈ حکومت عوام پر ظلم کر رہی ہے، بلاول

ان کا کہنا تھا کہ سیاست تھوڑی دیر کیلئے چل سکتی ہے لیکن حقیقت کا سامنا کرنا ہی پڑتا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کی زیادہ تر معیشت غیر دستاویزی ہے، تحریک انصاف کی حکومت کے پاس معاشی بحران کے حل کا کوئی پلان نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت تذبذب کا شکار ہے، پہلے کہا گیا کہ آئی ایم ایف کے پاس نہیں جائیں گے پھر چلے گے، ریاست کی ذمہ داری ہے کہ مشکل فیصلے لیتے ہوئے عام طبقے کا خیال رکھے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے 16 مہینے میں عوام کے معاشی قتل کے علاوہ اور کوئی کام نہیں کیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ عام آدمی، مزدوراور کسان معاشی بدحالی کا شکار ہوچکا ہے، پیپلز پارٹی نے اپنی شرائط پر آئی ایم ایف سے ڈیل کی لیکن عوام پر بوجھ نہیں ڈالا۔


متعلقہ خبریں