مقبوضہ کشمیر سے متعلق اقدامات کی تفصیل قومی اسمبلی میں پیش


اسلام آباد: وزارتِ خارجہ نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں کیے جانےوالے مظالم  پر حکومتی سفارتی اقدامات  کی تفصیل قومی اسمبلی میں پیش کردی۔

قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران وزرات خارجہ نے بھارتی دستور کے آرٹیکل 370 اے اور 35 اے کے خاتمے کے بعد پاکستانی حکومت کی جانب سے سفارتی کوششوں کی تفصیلات پیش کردی گئیں۔

وزارت خارجہ کے مطابق بھارت کے 5 اگست کے اقدامات کے بعد پاکستان نے پڑوسی ملک سے سفارتی تعلقات محدود کردیے۔ قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کی روشنی میں دو طرفہ تجارت منقطع کردی۔

مزید پڑھیں: 1989 سے اب تک مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں خواتین سے زیادتی

وزارتِ خارجہ کی جانب سے پیش کی گئی تفصیل کے مطابق وزیراعظم پاکستان نے پارلیمنٹ سے خطاب کیا اور پاکستان کے ردعمل کی بھرپور عکاسی کی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے 27 ستمبر 2019 کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کیا اور اقوام عالم کو کشمیر میں جاری بھارتی مظالم سے لاحق خطرات سے آگاہ کیا۔

وزارت خاجہ کے مطابق وزیراعظم نے متعدد ریاستوں کے سربراہان کو مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت سے متعلق ٹیلی فون کیے، جبکہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی  نے 40 ہم منصبوں سے رابطہ کیا اور ان کو بھارتی مظالم پر مکمل بریف کیا۔

وزیر خارجہ نے کشمیر میں بھارتی مظالم سے متعلق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل کے صدر اور ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کو خطوط لکھے۔

وزارتِ خارجہ کے جواب کے مطابق بیرونِ ممالک ہمارے مشنز نے سیمینارز انعقاد کرایے اور ریلیوں کے اہتمام میں مصروف رہے۔ انٹرنیشنل میڈیا چینلز، اخبارات اور سفیروں کے ساتھ مقبوضہ کشمیر کے معاملے کو اجاگر کیا۔

مزید پڑھیں: ن لیگ کا مہنگائی کے خلاف قومی اسمبلی میں احتجاج کرنے کا فیصلہ

تحریری جواب کے مطابق حالیہ دورہ پاکستان میں اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

وزرات خارجہ کے تحریری جواب کے مطابق پاکستان مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم پر بھرپور اقدامات اٹھا رہا ہے۔ مسئلہ جموں و کشمیر کا پرامن حل پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے۔

قومی اسمبلی وقفہ سوالات کے دوران رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر محمد افضل ڈھانڈلہ نے سوال کیا کہ قومی بجٹ میں میانوالی ملتان روڈ بنانے کے اعلان پر کیا عمل ہوا؟

اس پر وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ میانوالی ملتان روڈ کی فزیبلٹی تیار کرلی گئی ہے۔ وزارت مواصلات کی طرف سے پیپر ورک مکمل ہے۔ پنجاب حکومت نےمیانوالی ملتان  روڈ کے لیے فنڈنگ فراہم کرنا ہے۔

وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ  پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام پلس میں پنجاب حکومت میانوالی ملتان روڈ کے لیے فنڈز رکھ رہی ہے۔ جونہی پنجاب حکومت فنڈنگ فراہم کرے گی وزارت مواصلات کام شروع کروا دے گی۔


متعلقہ خبریں