حکومت گرانے یا مائنس ون فارمولے کے حمایتی نہیں، شاہد خاقان عباسی



اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہم حکومت گرانے یا مائنس ون فارمولے کے حمایتی نہیں ہیں۔

ہم نیوز کے پروگرام بڑی بات میں میزبان عادل شاہ زیب کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت کےخلاف اگرتحریک چلانی ہے تو اپوزیشن کےساتھ مل کرچلائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت گرانے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، گورننس سسٹم کوٹھیک کرنے اور ملک کے بڑے مسائل پر بات کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب سےکہتا ہوں کہ ہم سے جو پوچھنا ہے ٹی وی پر براہ راست پوچھیں، اس سے ہمارے جواب اور نیب کی کارکردگی سامنے آ جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: نیب نے ملک کو مفلوج اور معیشت تباہ کر دی، شاہد خاقان عباسی

ان کا مزید کہنا تھا کہ نیب ایک تماشہ ہے یہ آمرکا بنایا ہوا ادارہ ہے، 70 دن میں ان کی حراست میں رہا تاہم کئی ہفتوں تک مجھ سےتفتیش بھی نہیں کی گئی۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اس وقت حکومت چلانےمیں سب سےبڑا مسئلہ نیب ہے، کوئی بھی افسراس ادارے کی وجہ سےفائلوں پردستخط کرنے کیلئے تیارنہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف شدید علیل ہیں ان کا علاج ہورہا ہے جبکہ شہبازشریف سےروزانہ کی بنیاد پرمعاملات پر بات چیت ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف سےکوئی ناراضگی نہیں، ان سے اختلاف رائے ماضی میں بھی رہا اور رہتا ہے۔


متعلقہ خبریں