ڈاکٹر عدنان پر حملہ نواز شریف کا علاج روکنے کی کوشش ہے، شہباز شریف


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدراور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے معالج ڈاکٹرعدنان پر ہونے والے حملے علاج میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش قرار دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عدنان پر حملہ نواز شریف کے علاج میں رکاوٹ ڈالنے کے لیے کیا گیا۔ حملے کاانداز بتا رہا ہے کہ یہ منظم اور سوچی سمجھی واردات ہے۔

شہبازشریف نے کہا ڈاکٹر عدنان پر حملےکی رپورٹ درج کرائی جاچکی ہے اور ہمیں امید ہے لندن پولیس اس واقعے کی تحقیقات کر کے ملوث عناصر کو سامنے لائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کےمعالج ڈاکٹرعدنان خان پر نامعلوم افراد کا تشدد

صدر ن لیگ کا کہنا تھا کہ شرپسند اس سے پہلے ہماری رہائش گاہوں پر حملے کرچکے ہیں۔ انہوں نے پیغام دیا کہ پارٹی رہنما اور کارکن مشتعل نہ ہوں، ہم قانون کے ذریعے شرپسندعناصر تک پہنچیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسی بزدلانہ وارداتوں سے مسلم لیگ(ن) کی قیادت، رہنماؤں اور کارکنان کے حوصلے پست نہیں کیے جاسکتے۔ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ ڈاکٹر عدنان کی جان حملے میں محفوظ رہی، دعا ہے کہ اللہ تعالی ان کو جلد صحت یاب فرمائے۔

خیال رہے کہ  لندن میں سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹرعدنان خان پر نقاب پوش نامعلوم افراد نے تشدد کیا ہے جس کے باعث انہیں شدید چوٹیں آئی ہیں۔

حملے کے وقت ڈاکٹرعدنان حسن نواز کی رہائش گاہ کے قریب شام کی واک کر رہے تھے۔ حملہ آوروں نے ڈاکٹر عدنان کے سر کے پچھلے حصے میں لوہے کے راڈ سے بھی وار کیے۔

آڈاکٹرعدنان کے سر، چہرے اور سینے پر شدید چوٹیں آئیں ہیں اور انہیں علاج کے لیے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ڈاکٹر عدنان پر حملے کی اطلاع ملتے ہی مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنما اور کارکنان اسپتال کے باہر جمع ہو گئے جب کہ پولیس نے حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی ہے۔


متعلقہ خبریں