وزیر اعظم وسائل محروموں پر خرچ کرنے والی ریاست چاہتے ہیں، فردوس عاشق

بجٹ سے عوام کو ترقی و خوشحالی میں مدد ملے گی، فردوس عاشق

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم ایسی فلاحی ریاست کے خواہاں ہیں جہاں وسائل محروموں پر خرچ ہوں۔

وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے مسلسل محنت اور لگن سے اپنے مخالفین اور ناقدین کو غلط ثابت کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم گلے سڑے نظام کو ٹھیک کرنے کے لیے پر عزم  ہیں اور اس وقت ہم کٹھن وقت سے گزر آئے ہیں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ درست سمت میں اصلاحات اور اقدامات کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ عوامی ترقی اور خوشحالی ہی عمران خان کا نصب العین ہے۔


انہوں نے کہا کہ احساس کفالت پروگرام کو مہمند تک پہنچانا عمران خان کی قبائلی عوام سے محبت ہے اور ملکی تاریخ میں پہلی بار مستحق طلبہ کو 50 ہزار اسکالر شپ ملیں گے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ وزیر اعظم ایسی فلاحی ریاست کے خواہاں ہیں جہاں وسائل محروموں پر خرچ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا احساس ضلعی ترقیاتی پورٹل غربت کے خاتمے اور سماجی تحفظ کے فروغ میں معاون ہو گا اور پورٹل کے ذریعے ملک میں غربت کی شرح کا درست تجزیہ ممکن ہو سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے غریبوں کے لیے عملی اقدامات پسے ہوئے طبقات سے وابستگی کا ثبوت ہیں۔


متعلقہ خبریں