کورونا وائرس: سندھ میں پی ایس ایل سمیت دیگر عوامی اجتماعات پر پابندی پر غور

فائل فوٹو


کراچی: وزارت صحت سندھ نے صوبے میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے پاکستان سپرلیگ2020 سمیت دیگر عوامی اجتماعات پر پابندی لگانے پر غور شروع کر دیا ہے۔

کراچی میں وزیر صحت سندھ کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایئرپورٹ پر اسکریننگ کے لیے ہیلپ ڈیسک اور تمام نجی اور سرکاری اسپتالوں میں بھی فرنٹ لائن ڈیسک قائم کیا جائے گا۔

محکمہ صحت سندھ آج عوامی اجتماعات کے حوالے سے ایڈوائزری بھی جاری کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد16 ہوگئی

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ وزیراعلی سندھ کو آج کے اجلاس میں پی ایس ایل سمیت دیگر بڑے عوامی اجتماعات پر پابندی کی تجویز بھی دی جائے گی۔

محکمہ صحت سندھ نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کی زیرقیادت ہونے والے اجلاس میں تعلیمی اداروں میں چھٹیاں بڑھانے کی تجویز پر بھی غور کیا جائے گا اور طویل مدت کے لئے اسکول بند رکھنے کی تجویز دی جائےگی۔

ہم نیوز کے پروگرام’صبح سے آگے‘ میں سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا ہے کہ صوبے میں تعلیمی ادارے 16مارچ کو کھلیں گے اور میٹرک کے امتحانات بھی 16مارچ کو شروع ہوں گے۔

دوسری جانب معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفرمرزا نے کہا ہے کہ اسکول بند کرنے کی ضرورت نہیں تاہم اجتماعات سے اجتناب کرنا چاہیے۔

خیال رہے کہ کراچی میں کورونا وائرس کے مزید  نو کیسز سامنے آگئے جس سے ملک بھر میں مجموعی تعداد 16 تک پہنچ گئی ہے۔

صوبائی وزیر ناصر شاہ کا کہنا ہے کہ جن مسافروں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے وہ مختلف ملکوں سے ہوائی جہازوں پرکراچی پہنچے ہیں۔


متعلقہ خبریں