عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں سات فیصد اضافہ


گزشتہ روز 25 فیصد کمی کے بعد عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں سات فیصد اضافہ ہو گیا۔

پیر کو کورونا وائرس سے پھیلنے والے خدشات اور روس اور سعودی عرب میں تیل کی قیمتوں کے معاملے پر کشیدگی کی وجہ سے تیل کی قیمتوں میں بڑی گراوٹ آئی تھی۔

تاہم منگل کو سات فیصد اضافے سے  برینٹ کروڈ آئل کی قیمت چھتیس اعشاریہ سات دو ڈالر فی بیرل ہو گئی۔

ویسٹ ٹیکساس آئل کی قیمت تینتیس ڈالر فی بیرل ہو گئی۔ معاشی ماہرین کے مطابق تیل کی قیمتوں میں زیادہ اضافے کا امکان نہیں۔

گزشتہ روز عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں حیرت انگیز طور پر 25 فیصد تک کمی آگئی تھی۔

مزید پڑھیں: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج

اس سے قبل خام تیل کی قیمت میں اتنی کمی 1991 میں عراق کے کویت پر قبضے کے دوران ہوئی تھی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق روس نے تیل کی پیداوار میں کمی سے متعلق اوپیک ممالک کا ساتھ دینے سے انکار کر دیا ہے جس کے بعد قیمتوں کے معاملے پر اوپیک ممالک کے درمیان ڈیل نہ ہوپائی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ڈیل نہ ہونے کی وجہ سے روس اور سعودی عرب کے درمیان تیل کی قیمتوں پر جنگ شروع ہو گئی ہے۔

ویان میں اوپیک ممالک کے اجلاس کی ناکامی کے بعد صورتحال مزید خراب ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کردی گئی تھی۔

پٹرول کی قیمت میں پانچ روپے کمی ہوئی جس کے بعد اس کی نئی قیمت ایک سو گیارہ روپے ساٹھ پیسے مقرر کی گئی تھی۔

وزارت خزانہ سے جاری اعلامیہ کے مطابق پائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 5 روپے کمی گئی ہے۔ ڈیزل کی قیمت میں کمی کے بعد نئی قیمت ایک سو بائیس روپےچھبیس پیسے مقرر کی گئی۔

مزید پڑھیں: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان، پٹرول 5 روپے سستا

وزارت خزانہ کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 7 روپے کمی گئی جس کے بعد نئی قیمت 92.45 روپے پر آگئی۔

اسی طرح حکومت نے لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے کمی کا اعلان کیا ہے اور نئی قیمت 77.51 روپے مقرر کردی گئی۔

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں مزید کمی کے بعد پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان ہے۔


متعلقہ خبریں