بال ٹیمپرنگ میں ملوث آسٹریلوی کھلاڑیوں کو سزا سنا دی گئی

آسٹریلیا کا افغانستان کیساتھ ٹیسٹ میچ منسوخ کرنے کا عندیہ

فوٹو: فائل


میلبورن:  آسٹریلین کرکٹ بورڈ ( اے سی بی ) نے جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے دوران بال ٹیمپرنگ میں ملوث سابق آسٹویلوی کپتان اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنز پر ایک ایک سال کی پابندی عائد کر دی ہے۔

بال کو خراب کرنے والے بلے باز کیمرون بینکرافٹ پر نو ماہ ماہ کی پابندی عائد کی گئی ہے۔ کپتان اسٹیو اسمتھ کو پہلے ہی کپتانی سے ہٹایا جا چکا ہے۔

اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر پر تین سال کے لیے آسٹریلوی ٹیم کی کپتانی پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔

اس سے پہلے اے سی بی کے سربراہ جیمز سدر لینڈ نے تینوں کھلاڑیوں کو جنوبی افریقا سے وطن واپس بھیجنے کی ہدایت کی تھی۔

انہوں نے ٹیم کے کوچ ڈیرن لہمن کو کلئیر قرار دے دیا تھا۔

جیمز سدرلینڈ کا کہنا تھا کہ بال ٹیمپرنگ کھیل کی روح کے منافی ہے، ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں کی جانب سے ایسا اقدام آسٹریلین کرکٹ کے لیے مایوس کن ہے۔

دوسری جانب معطل کیے گئے کھلاڑیوں کے متبادل کھلاڑی ٹیم میں لے لیے گئے ہیں جن میں میکس ویل، جائے برنز اور میتھیو رینشا شامل ہیں۔ ٹم پین، اسمتھ کی جگہ ٹیم کی کپتانی کریں گے۔

دو روز قبل جنوبی افریقا اور آسٹریلیا کے مابین کھیلے جانے والے کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں کینگرو بلے باز کمرون بینکرافٹ بال ٹیمپرنگ کرتے ہوئے کیمرے کی نظروں میں آگئے تھے۔

میچ کے بعد انہوں نے کپتان اسٹیو اسمتھ کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بال خراب کرنے کا اعتراف کیا تھا۔

اسٹریلوی کپتان کا کہنا تھا کہ ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں کو بال ٹیمپرنگ سے متعلق علم تھا۔ تاہم کوچ یا انتظامیہ اس میں ملوث نہیں ہے۔

ماضی میں پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین کھیلے جانے والے ٹی ٹونٹی میچ میں بال چبانے پر پاکستان ٹیم  کے اس وقت کے کپتان شاہد آفریدی پر دو میچوں کی پابندی لگائی گئی تھی۔


متعلقہ خبریں