کراچی:کم رقبے پر تعمیر بلند عمارتوں کیخلاف آپریشن جاری

کراچی: دہلی کالونی میں بارہ منزلہ عمارت گرانے کا کام شروع

فوٹو: ہم نیوز


کراچی: سانحہ گولی مار کے بعد کراچی کے متعلقہ اداروں نے کم رقبے پر بنی ہوئی بلند عمارتوں کیخلاف ایکشن شروع کردیا ہے۔

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کی جانب سے ناقص قرار دی گئی عمارتوں کو گرایا جا رہا ہے۔

کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن نے دہلی کالونی میں 160 گز پر زیر تعمیر بارہ منزلہ عمارت کو گرانے کا کام شروع کردیا ہے۔ کراچی کے علاقے لیاقت آباد نمبر 3 میں 40 گز کے پلاٹ پر بنی 6 منزلہ عمارت گرانے کیلئے بھی آپریشن جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں تین منزلہ عمارت گر گئی، 13 افراد جاں بحق

حکام کا کہناہے کہ کراچی میں مزید غیر قانونی ناقص تعمیرات کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ملیرمیں ڈپٹی کمشنر آفس کے بالقابل80 گز کے پلاٹ پر تعمیر کی گئی 5 منزلہ عمارت کو بھی مسمار کردیا گیا ہے۔

انتظامیہ نے گارڈن کے علاقے میں 60 گز کی جگہ پر تعمیر 6 منزلہ عمارت کو گرانے کے کام کا بھی آغاز کردیا گیا ہے۔

کراچی کے علاقے گولی مار کی رضویہ سوسائٹی میں 5 منزلہ عمارت گرنے کے بعد کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن، ضلعی انتظامیہ اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے شہر بھر میں غیرقانونی عمارتیں گرانے کا آپریشن شروع کر رکھا ہے۔

کراچی میں 60 سے 399 گز کے رہائشی پلاٹوں پر 2 منزلوں سے زیادہ کی تعمیر غیر قانونی شمار ہوتی ہے۔

خیال رہے کہ کراچی کے علاقے گلبہار میں عمارت گرنے سے 27 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ افسوسناک واقعہ کی تحقیقات کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی کو تحقیقاتی کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ تحقیقاتی کمیٹی میں ایس پی ضلع وسطی، ڈائریکٹر کے ایم سی، اسسٹنٹ کمشنر ناظم آباد اور این ای ڈی یونیورسٹی کے شعبہ سول انجینئرنگ کے پروفیسر شامل ہوں گے۔

کمشنر کراچی کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے تحت تحقیقاتی کمیٹی آئندہ دو ہفتے میں اپنی رپورٹ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو پیش کرے گی۔


متعلقہ خبریں