وفاقی کابینہ کا اجلاس،ایجنڈے کے 11 نکات منظور، ایک مسترد

وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج ہو گا

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں تفصیلی بحث کے بعد  ایجنڈے کے11 نکات منظور جبکہ ایک مسترد کر دیا گیا ہے۔

کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ اجلاس کے دوران وزیراعظم کو سیکریٹریٹ ملازمین کی ہڑتال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ  وزیراعظم نے سرکاری ملازمین کے سیلری اسکیل پر جامع پلان مرتب کرنے کی ذمہ داری مشیر خزانہ کو دی ہے اور کہا ہے کہ وفاق اور صوبے مل کر اس پر کام کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: کابینہ اجلاس، وزیر اعظم نے عوام کی غلط فہمی دور کرنے کی ہدایت کر دی

ان کا کہنا تھا کہ کابینہ کو کورونا وائرس کی صورت حال پر جبکہ زلفی بخاری اور ڈاکٹر ظفر مرزا نے چین میں پاکستانی طلبا پر بریفنگ دی، دونوں معاونین نے طلباء کے والدین سے ہونے والی بات چیت سے بھی آگاہ کیا۔

فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ  کابینہ نے چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیر گیلانی کا استعفیٰ منظور کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ زبیر گیلانی نے استعفیٰ ذاتی وجوہات کی بنیاد پر دیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کابینہ نے چینی اور گندم سے متعلق رپورٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا، بتایا گیا کہ آٹے سے متعلق فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ ایک ہفتے تک موصول ہو جائے گی جبکہ سیکریٹری داخلہ نے چینی سے متعلق کمیٹی کی کارکردگی سے بھی آگاہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کابینہ نے چینی کے معاملے کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی کو خصوصی اختیارات کی منظوری دی گئی،  یہ کمیٹی مخصوص ٹیمیں بنانے کی بھی مجاز ہو گی۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ چھان بین کے عمل کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاہم ڈی جی ایف آئی اے نے رپورٹ مرتب کرنے کے لئے کابینہ سے مزید وقت مانگا ہے۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے کابینہ کو باور کرایا ہے کہ وہ سسٹم میں گھسی کالی بھیڑوں کو بے نقاب کر کے پاکستان کو ان سے ہمیشہ کے لئے آزاد کرانا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کابینہ اجلاس کے دوران پینشن لینے والے افراد کے لیے بائیومیٹرک سسٹم لانے کی منظوری دی گئی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بجلی گیس اور دیگر سہولیات کا بھی جائزہ لیا گیا،  صارفین بلوں کی مختلف تاریخوں سے پریشان ہوتے ہیں، ان کی آسانی کے لیے بلوں کی تاریخ کا یونیفارم پروسیجر بھی زیرغور آیا۔


متعلقہ خبریں