پنجاب: کورونا وائرس کی افواہوں سے سوشل میڈیا کے ذریعے نمٹنے کا فیصلہ


لاہور: حکومتِ پنجاب نے کورونا وائرس سے متعلق افواہوں کو روکنے کے لیے سوشل میڈیا ٹیم کو متحرک کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ہم نے تمام ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسرز کا ایک مقابلہ بھی منعقد کروایا ہے کہ جو اس معاملہ پر زیادہ سے زیادہ سیمینارز کروائے گا یا آگاہی پھیلائے گا اسے انعام دیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد16 ہوگئی

فیاض الحسن چوہان نے بتایا کہ افواہوں کو روکنے کے لیے ہم اپنی سوشل میڈیا ٹیم کو بھی متحرک کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہمیں تین قسم کے مسائل کے سامنا ہے، پہلا مسئلہ افواہوں کا تدارک ہے جبکہ دوسرا اس (کورونا وائرس) کی احتیاطی تدابیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ڈپارٹمنٹ احتیاظی تدابیر کو بھی ہر جگہ پھیلا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تیسرا مسئلہ عوام کا بے جا خوف و ہراس میں مبتلا ہونا ہے۔

صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ انفارمیشن ڈپارٹمنٹ بے جا خوف و ہراس کی صورتحال ختم کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔

یہ بھی جانیں: کورونا وائرس: سندھ میں پی ایس ایل سمیت دیگر عوامی اجتماعات پر پابندی پر غور

فیاض چوہان الحسن چوہان نے کہا کہ کورونا ایک عالمی وبا بن چکی ہے لیکن اللہ کے کرم سے پاکستان اس سے بچا ہوا ہے، ہم نے اس کا ہمت اور حوصلہ سے مقابلہ کرنا ہے اور اس مسئلہ پر کوئی سیاست نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام صوبوں نے مل کر کورونا وائرس کے خلاف کام کرنا ہے، جیسے 22 کروڑ عوام نے دہشت گردی کو شکست دی ویسے ہی ہم اسے بھی شکست دیں گے۔

صوبائی وزیر کے مطابق آج یہ بیٹھک بھی اسی سلسلہ کی کڑی ہے، پاکستان کی عوام مطمئن رہیں، جنوری کےماہ میں جب ایسا کوئی کیس بھی سامنے نہیں آیا تھا تب سے آگاہی مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں