پی ایس ایل کے تمام میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے، گورنر سندھ


کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے تمام میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے۔

کراچی کے کھارادر اسپتال میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ پی ایس ایل کے میچز کے دوران گراؤنڈز کو سینیٹائز کیا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ وزارت صحت سندھ نے صوبے میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے پی ایس ایل 2020 سمیت دیگر عوامی اجتماعات پر پابندی لگانے پر غور شروع کر دیا ہے۔

کراچی میں وزیر صحت سندھ کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایئرپورٹ پر اسکریننگ کے لیے ہیلپ ڈیسک اور تمام نجی اور سرکاری اسپتالوں میں بھی فرنٹ لائن ڈیسک قائم کیا جائے گا۔

محکمہ صحت سندھ آج عوامی اجتماعات کے حوالے سے ایڈوائزری بھی جاری کرے گا۔

ہم نیوز کے پروگرام’صبح سے آگے‘ میں سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا ہے کہ صوبے میں تعلیمی ادارے 16مارچ کو کھلیں گے اور میٹرک کے امتحانات بھی 16مارچ کو شروع ہوں گے۔

دوسری جانب معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفرمرزا نے کہا ہے کہ اسکول بند کرنے کی ضرورت نہیں تاہم اجتماعات سے اجتناب کرنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد16 ہوگئی

خیال رہے کہ کراچی میں کورونا وائرس کے مزید  نو کیسز سامنے آگئے جس سے ملک بھر میں مجموعی تعداد 16 تک پہنچ گئی ہے۔

صوبائی وزیر ناصر شاہ کا کہنا ہے کہ جن مسافروں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے وہ مختلف ملکوں سے ہوائی جہازوں پرکراچی پہنچے ہیں۔


متعلقہ خبریں