ن لیگ کا فارورڈ بلاک کھل کر سامنے آ گیا


لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے اراکین پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق رکن صوبائی اسمبلی چوہدری طاہر بشیر چیمہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اجلاس کے دوران مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے اراکین اسمبلی نے وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور سیاسی صورتحال اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزید پڑھیں: سابق وفاقی وزیر، اراکین پارلیمنٹ سمیت 13 سیاسی رہنما ق لیگ میں شامل

اراکین اسمبلی نے حکومت کی غیر مشروط حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا اور اتفاق کیا گیا کہ صوبے کے عوام کی خدمت کیلئے ملکر کام جاری رکھیں گے۔

اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے۔

اس موقع پر سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کے عوام کی خدمت کے سفر میں آپ کو ساتھ لیکر چلیں گے اور عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے اس ملک کو تباہ و برباد کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔

یہ بھی جانیں: پیچھے رہ جانے والے علاقوں کو ان کا حق دیں گے، عثمان بزدار

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے انتہائی مشکل وقت میں حکومت سنبھالی، ماضی کے کانٹے چن چن کر صاف کررہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ تبدیلی آرہی ہے اور آکررہے گی، عوام کی خدمت کے سفر میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے اراکین اسمبلی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ میرے لئے قابل احترام ہیں، آپ کے جائز کام ہر صورت ہوں گے۔

عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والوں میں نشاط احمد ڈاھا، غیاث الدین، چوہدری اشرف علی، فیصل خان نیازی، غضنفر علی خان، محمد ارشد، اظہر عباس اور یونس علی انصاری شامل تھے۔


متعلقہ خبریں