’حملہ آوروں کا مقصد لوٹنا نہیں بلکہ تشدد کا نشانہ بنانا تھا‘


لندن: نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے کہا ہے کہ حملہ آوروں کا مقصد مجھے لوٹنا نہیں بلکہ مجھے تشدد کا نشانہ بنانا تھا۔

لندن میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دو افراد اچانک پیچھے سے حملہ آور ہوئے اور تشدد شروع کردیا۔

ڈاکٹر عدنان کا کہنا تھا کہ شام کو چہل قدمی کیلئے ایک ہی راستہ استعمال کرتا ہوں۔ حملہ چونکہ پیچھے سے ہوا اور میں گرگیا، اس لیے حملہ آوروں کی شکل نہ دیکھ سکا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے پولیس کو قطعا یہ نہیں کہا کہ میرا بٹوہ چھینا گیا ہے۔ میرے پاس نقد رقم کے علاوہ دو موبائل فون بھی تھے۔ علم نہیں کہ پولیس کو ’’ڈکیتی‘‘ کی خبر کہاں سے ملی۔

مزید پڑھیں: نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان خان پر نامعلوم افراد کا تشدد

ڈاکٹر عدنان نے کہا کہ پولیس پر واضح کردیا ہے کہ حملہ آوروں کا مقصد مجھے لوٹنا نہیں تھا۔ انھوں نے مجھے ہدف بنا کر تشدد کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ  پولیس سے درخواست کی ہے کہ علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹج حاصل کرکے تحقیقات کرے۔ حملہ آور تقریباً دو منٹ تک مجھے تشدد کا نشانہ بناتے رہے۔

ڈاکٹر عدنان نے کہا کہ ایک حملہ آور کے پاس چھتری تھی جو مجھے مارتے مارتے ٹوٹ گئی، جسے چھوڑ کر وہ فرار ہوگیا۔ راہ گیر شور نہ مچاتے تو حملہ آور مجھ پر تشدد کرتے رہتے۔

خیال رہے کہ آج سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان خان پر نقاب پوش نامعلوم افراد نے حملہ کرکے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا تھا جس کے باعث انہیں شدید چوٹیں آئی تھیں۔


متعلقہ خبریں