پیپلز پارٹی پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس کل طلب


لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس کل دو بجے پنجاب اسمبلی میں طلب کر لیا گیا ہے

ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی رہنما سید حسن مرتضیٰ  کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سےاپوزیشن ارکان کو خریدنے کی کوشش کے خلاف حکمت عملی پر مشاورت ہوگی

ذرائع کے مطابق اجلاس میں پیپلز پارٹی کے رکن غضنفر لنگاہ کی وزیراعلیٰ سے ملاقات کے متعلق جواب طلب کیا جائے گا۔

حسن مرتضیٰ کا کہنا ہے کہ حیرت ہے کٹھ پتلیوں کے کٹھ پتلی وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے بھی پر نکلنا شروع ہو گئے ہیں۔ ہم نے آمروں کے پر کاٹ دیے ہیں تو یہ کٹھ پتلی کا کٹھ پتلی کیا چیز ہے۔ عثمان بزدار اور ان کے آقا نیازی میں ہمت ہے تو ایوان میں آکر مقابلا کریں۔

مزید پڑھیں: یقین ہے بے نظیر بھٹو کے ساتھ انصاف ہو گا، بلاول بھٹو زرداری

رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ عثمان بزدار ترقیاتی فنڈز کے نام پر اپوزیشن ارکان کو خریدنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ عوام کو لوٹ کر نیازی ٹولا قومی دولت لوٹا فیکٹری پر لگانا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو پیسہ ارکان کو خریدنے کیلئے استعمال کرنے کی کوشش ہو رہی ہے وہ عوام کا ہے۔ ہم ان سلیکٹڈ کو پنجاب کے عوام کا پیسہ سیاسی وفاداریاں بدلنے پر خرچ کرنے نہیں دیں گے۔

حسن مرتضیٰ کا کہنا ہے کہ یہ پیسہ کسی کے باپ کا نہیں یہ عوام کی امانت ہے ان کے حلق سے نکالیں گے۔ چور دروازے سے اقتدار میں آنے والے اب اقتدار بچانے کیلئے لوٹ سیل لگانا چاہتے ہیں۔


متعلقہ خبریں