اسلام آباد کے سیکٹر آئی ایٹ میں پولیس مقابلے کا ڈراپ سین


اسلام آباد: اسلام آباد کے علاقے سیکٹر آئی ایٹ میں تین دن قبل پیش آنے والے پولیس مقابلے کا ڈراپ سین ہوگیا، فائرنگ سے زخمی ہونے والے شہریوں نے اسلام آباد پولیس کا پول کھول دیا۔

آئی ایٹ سیکٹر فائرنگ میں زخمی ہونے والے دو شہریوں کا بیان سامنے آگیا ہے۔ زخمی شہریوں کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے شفا اسپتال سے فیض آباد کی طرف جارہے تھے کہ ڈاکوؤں نے کیری ڈبہ میں بیٹھ کر 8 افراد کو یرغمال بنا لیا۔

دو زخمی شہریوں کے مطابق پولیس والوں نے کیری ڈبہ پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ہمارے دو ساتھی جاں بحق ہوگئے۔ ڈاکوؤں نے ہم پر فائرنگ نہیں کی۔

مزید پڑھیں: لاہور میں رواں سال کی ڈکیتی کی سب سے بڑی واردات

رابطہ کرنے پر پولیس سپرنٹنڈنٹ ذبیر شیخ نے کہا کہ معاملے کی مکمل اور شفاف انکوائری کریں گے۔ پولیس اہلکار ملوث پائے گئے تو کارروائی کریں گے۔

خیال رہے کہ 7 مارچ کو سیکٹر آئی ایٹ میں ڈکیتی کے واردات کے دوران مقابلے پولیس نے ایک ڈاکو کو مارنے کا دعویٰ کیا تھا۔

پولیس کے مطابق واردات کے بعد ڈاکوؤں فرار ہوئے تو پولیس نے پیچھا کر کے فائرنگ کی تھی اور ایک ڈاکو مارا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق ڈکیتی میں ہلاک ہونے والا شخص اسلام آباد پولیس کا ملازم تھا، جس کی شناخت اشرف سے ہوئی تھی۔ پولیس کے مطابق اشرف انسداد دہشتگردی فورس کا ملازم تھا۔ ملزم ڈیوٹی کے بعد اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں ڈکیتیاں کرتا تھا۔


متعلقہ خبریں