پاکستان میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع

weather

اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جس سے پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے کئی شہروں بارش ہوئی۔

پشین میں برف کے گالے گر پڑے، چمن میں کوژک ٹاپ، شیلاباغ اور توبہ اچکزئی میں بھی برفباری ہوئی جب کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی آج بارش  کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا میں برف باری اور ژالہ باری کی پیش گوئی کردی گئی۔ چمن، سبی، ڈیرہ مرادجمالی، دکی، اور بولان میں بارش ہوئی جب کہ پشین میں برفباری سے ہرسو سفیدی بکھرگئی۔

سندھ کے اضلاع لاڑکانہ، شکارپور، خیرپور، کندھ کوٹ، روجھان اور جیکب آباد میں بھی بارش ہوئی ہے۔ پنجاب کے علاقے صادق آباد، عارف والا، بھکر اور جہانیاں میں بارش ہوئی ہے۔

عارف والا میں موسلا دھار بارش وقفے وقفے سے جاری ہے جب کہ بھکر میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارشِ اور ٹھنڈی ہواؤں سے سردی میں اضافہ ہوا ہے۔

جہانیاں اور گردونواح میں بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے ہیں جب کہ بارشوں سے گندم کی فصل متاثر ہونے کا بھی خدشہ ہے۔ لیہ میں بارش اور تیز ہواؤں سے گندم اور چنے کی فصل متاثر ہوئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے جمعہ کے دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت خیبر پختونخوا، پنجاب اور کشمیر میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

کوئٹہ، چاغی، قلات، مستونگ، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، زیارت اور ژوب میں بھی بادل برسنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں