بھارت مسلمانوں کا قتل عام رکوائے، ایرانی مجلس خبرگان کا مطالبہ

بھارت مسلمانوں کا قتل عام رکوائے، ایرانی مجلس خبرگان کا مطالبہ

تہران: ایران کی مجلس خبرگان نے مودی سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم رکوائے جائیں اور ان کا قتل عام بند کیا جائے۔

ایرانی مجلس خبرگان نے کہا ہے کہ ہم بھارت میں مسلمانوں کے قتل عام اور ان پر ڈھائے جانے والے مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کے قتل عام اور املاک کو نقصان پہنچائے جانے کی بھی مذمت کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: پاک ایران سرحد پہ زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری

ایرانی مجلس خبرگان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مسلمانوں کی املاک  اور مساجد کو نقصان پہنچائے جانے پر دل گرفتہ ہیں، نئی دہلی میں مسلمانوں کے قتل عام پر ہر دل افسردہ ہے۔

مجلس خبرگان کا کہنا تھا کہ یہ قتل عام اس وقت شروع ہوا جب امریکی صدر بھی  بھارت  کے دورے پر  تھے مگر مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر بھارتی میڈیا نے مکمل  بلیک آوٹ کیا۔

ایرانی مجلس خبرگان کے مطابق ہندو انتہا پسندوں کو اکسانے میں بھارتی حکومتی اہلکار ملوث ہیں۔

خیال رہے کہ چند روز قبل ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای نے بھی بھارت میں مسلمانوں کے قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے  بھارتی حکومت سے ہندو انتہا پسندوں کو روکنے کا مطالبہ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت میں سکھوں نے کیلنڈر پر عمران خان کی تصویر لگا دی

ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے ایک پیغام میں انہوں نے لکھا تھا کہ ’ہندوستان میں مسلمانوں کے قتل عام پر دنیا بھر کے مسلمانوں کے دل رنجیدہ ہیں۔‘


متعلقہ خبریں