اسلام آباد: پاک فضائیہ کا ایف 16 طیارہ تباہ، پائلٹ شہید


اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاک فضائیہ کا ایف 16 طیارہ گر کر تباہ جبکہ طیارے میں موجود پائلٹ بھی شہید ہو گیا۔

اسلام آباد میں شکر پڑیاں کے قریب پاک فضائیہ کا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔ طیارہ گرنے کے بعد دور سے ہی دھویں کے بادل اٹھتے دکھائی دیتے رہے۔

پاک فضائیہ کا طیارہ 23 مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے ریہرسل پر تھا۔ جو گزشتہ ایک ہفتے سے جاری تھی۔ طیارہ آبادی سے جھاڑیوں میں گرا۔

سیکیورٹی اداروں کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ جائے حادثے کی طرف جانے والے راستوں کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا۔

نمائندہ ہم نیوز کے مطابق 23 مارچ کی پریڈ معمول کے مطابق ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں ایک ہفتے کے اندر پاک فضائیہ کا دوسرا طیارہ گر کر تباہ

کچھ ہی دیر میں امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کام کیا۔ طیارے میں موجود پائلٹ ونگ کمانڈر اکرم حادثے میں شہید ہو گئے۔

شہید پائلٹ: ونگ کمانڈر اکرم

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق شکر پڑیاں کے قریب گرنے والے طیارے کے حادثے کی تحقیقات کے لیے انکوائری بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے جو حادثے کی وجوہات کا پتہ چلائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی پاک فضائیہ کے دو طیارے دوران پرواز گر کر تباہ ہو گئے تھے۔ 12 فروری کو خیبر پختونخوا کے علاقے تخت بائی مردان کے قریب پاک فضائیہ کا طیارہ گر کر تباہ ہوا تھا۔

اس سے قبل 7 فروری کو صوبہ پنجاب کے علاقے شورکوٹ کے قریب پاک فضائیہ کا طیارہ گر کر تباہ ہوا تھا، جس میں پائلٹ محفوظ رہا تھا جبکہ جنوری میں بھی پاک فضائیہ کے دو طیارے گر کر تباہ ہوئے تھے۔


متعلقہ خبریں