صوبہ جنوبی پنجاب کا بل اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، شاہ محمود قریشی

جنوبی پنجاب صوبے کا بل اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، شاہ محمود قریشی

فوٹو: ہم نیوز


اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کو صوبے کی شکل دینے کے لیے اسمبلی میں بل پیش کیا جائے گا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے تحریک انصاف کے منشور کے مطابق اسمبلی میں جنوبی پنجاب کا بل پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی عوام کو مبارکباد دینا چاپتا ہوں کہ ان سے کیا گیا وعدہ پورا کرنے کے لیے مؤثر قدم اٹھایا گیا ہے۔ جنوبی پنجاب کے بل پر دیگر سیاسی جماعتوں کی رائے بھی لی جائے گی جبکہ جنوبی پنجاب کی آبادی کے تناسب کے مطابق 35 فیصد فنڈز مختص کیے جائیں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ماضی میں جنوبی پنجاب کے لیے فنڈز کا وعدہ کر کے پورا نہیں کیا جاتا تھا لیکن اب فنڈز کے تحفظ کے لیے طریقہ کار بنا دیا گیا ہے تا کہ فنڈز فوری طور پر دیے جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں سیکرٹریٹ بنانے کا فیصلہ ہوا ہے جبکہ اپریل میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ بھی تعینات ہو جائے گا جبکہ بہاولپور اور ملتان میں الگ الگ آفس بنایا جائے گا تاہم مکمل سیکرٹریٹ بنانے میں ابھی وقت لگے گا۔

جنوبی پنجاب صوبے پر بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ جنوبی پنجاب کا مکمل سیکرٹریٹ بنانے میں ابھی وقت لگے گا تاہم سیکرٹریٹ کے لیے خزانے کا تعین کیا جا چکا ہے جس کے لیے ساڑھے تین ارب روپے درکار ہوں گے اور 13 سو ایڈیشنل پوسٹس درکار ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں منصوبہ بندی کے تحت مودی کو وزیر اعظم بنایا گیا، فیاض الحسن چوہان

اس موقع پر وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں جنوبی پنجاب کے تمام اسٹیک ہولڈرز اور صوبائی اور قومی اسمبلی اراکین نے کثیر تعداد میں شرکت کی جس میں جنوبی پنجاب کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور وزیر اعظم کا جنوبی پنجاب کی عوام سے درد کا رشتہ ہے۔


متعلقہ خبریں