نیا میزانیہ: قابل ٹیکس آمدن کی حد میں اضافے کی تجویز


اسلام آباد: وفاقی میزانیہ برائے مالی سال 2018-19 میں تنخواہ دار طبقے کو سہولت دینے کے لئے قابل ٹیکس آمدن کی حد بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق نئے میزانئے یعنی بجٹ میں تنخواہ دار افراد کے لئے ٹیکس کی کم از کم حد چار لاکھ سے بڑھا کر آٹھ لاکھ روپے کئے جانے کی توقع ہے۔ آٹھ تا دس لاکھ سالانہ آمدن پر ایک فیصد ٹیکس عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

ٹیکس کی زیادہ سے زیادہ حد کو 35 فیصد سے کم کرکے 20 فیصد کرنے کی بھی تجویز پیش کی گئی ہے۔

اس وقت انکم ٹیکس کی زیادہ سے زیادہ حد 35 فیصد ہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر یا وفاقی ادارہ برائے آمدن و محصولات) نے انکم ٹیکس 15 سے 20 فیصد کرنے کی سفارش کی ہے۔

اٹھارہ جنوری 2018 تک ایف بی آر نے تاجروں صنعت کاروں، ٹیکس بار سمیت ملک بھر کے ایوانہائے صنعت و تجارت سے ٹیکس تجاویز منگائی تھیں۔ جنھیں وفاقی بجٹ اور نئے مالی سال کے مالیاتی بل میں شامل کیا جانا ہے۔

آئندہ مالی تخمینے کے لئے تجاویز میں ایک یہ بھی ہے کہ دس تا 14 لاکھ روپے سالانہ آمدن پر پانچ فیصد ٹیکس عائد کیا جائے۔

امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ موجودہ حکومت اپنی مدت ختم ہونے سے قبل ہی آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کردے گی۔


متعلقہ خبریں