فلم ’زندگی تماشہ‘ اسلامی نظریاتی کونسل کو دکھانے سے روک دیا گیا

فلم ’زندگی تماشہ‘اسلامی نظریاتی کونسل کو دکھانے سے روک دیا گیا

اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق نے اسلامی نظریاتی کونسل کو فلم ’زندگی تماشہ‘ دکھانے سے روک دیا ہے۔ قائمہ کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ خود فلم کے مواد کا جائزہ لے گی۔

’زندگی تماشہ‘ کی ریلیز روکنے کیلئے سرمد کھوسٹ کو دھمکیاں

ہم نیوز کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کا اجلاس چیئرمین سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں چیئرمین سینٹرل سینسربورڈ دانیال گیلانی نے قائمہ کمیٹی کے اراکین کو بریفنگ دی۔

دانیال گیلانی کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ کے بعد چیئرمین قائمہ کمیٹی سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے ہدایت کی کہ سینٹرل سینسر بورڈ فلم کی کاپی قائمہ کمیٹی کو فراہم کرے۔

انہوں نے کہا کہ سینٹرل سینسر بورڈ قائمہ کمیٹی کے اراکین کو کمیٹی روم میں بٹھا کر فلم دکھائے گا۔

ہم نیوز کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق 16مارچ کو فلم ’زندگی تماشہ‘ کا خود جائزہ لے گی۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق نے اسلامی نظریاتی کونسل کو فلم دکھانے سے بھی روک دیا۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے اس موقع پر کہا کہ سیاست دانوں پر فلمیں و ڈرامے چلیں تو ہمیں اعتراض نہیں تو دیگر لوگوں کو کیوں اعتراض ہے؟

چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے واضح کیا کہ ہم کسی کے دباؤ میں نہیں آئیں گے۔

’پاکستان کا روشن چہرہ سینما گھروں کو آباد کیے بغیر نہیں دکھایا جاسکتا‘

ہم نیوز کے مطابق سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا تھا کہ ریاست آئین و قانون کے مطابق چلنی چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر فلم میں کوئی بات قابل اعتراض لگی تو ہم خود معاملہ اسلامی نظریاتی کونسل کو بھجوا دیں گے۔

ہدایت کار سرمد سلطان کھوسٹ نے تقریباً دو ماہ قبل انکشاف کیا تھا کہ انہیں فلم ’زندگی تماشہ‘ کو ریلیز کرنے سے روکنے کے لیے دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔

معروف اداکار و ہدایتکار سرمد سلطان کھوسٹ نے فلم کی بروقت ریلیز کے لیے حکومت وقت سے مدد بھی مانگی تھی۔ طے شدہ پروگرام کے تحت فلم 24 جنوری 2020 کو ریلیز کی جانی تھی۔

سرمد سلطان کھوسٹ نے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، چیف جسٹس آف پاکستان، معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات اور آرمی چیف کے نام ایک کھلا خط بھی لکھا تھا جس میں مدد فراہم کرنے کی اپیل کی گئی تھی۔


متعلقہ خبریں