پہلا پاکستان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول شروع

پاکستان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کا باقاعدہ آغاز | urduhumnews.wpengine.com

کراچی: پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں پاکستان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول (پی آئی ایف ایف) کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔

اپنی نوعیت کی منفرد سرگرمی میں امریکا، بھارت، جرمنی، اٹلی سمیت دیگرممالک سے آئے مہمان شرکت کریں گے۔

سرگرمی کے دوران طے شدہ سیشنز شہرکے چھ مختلف مقامات پر29 مارچ سے یکم اپریل تک جاری رہیں گے۔

بدھ کو افتتاحی پریس کانفرنس میں ہم نیٹ ورک کی صدرسلطانہ صدیقی نے کہا کہ آرٹ اورکلچرکسی بھی ملک کی پہچان ہوتے ہیں۔ جس طرح دنیا میں ہمارے ڈراموں نےاپنا مقام بنایا اسی طرح فیسٹیول کےانعقاد سے فلم بھی جلد اپنا مقام بنائے گی۔

سلطانہ صدیقی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں فلموں کے مختلف ادوار آئے۔ ایک وقت ایسا بھی آیا کہ پاکستانی فلم انڈسٹری مشکلات میں گھرگئی، لیکن اب دوبارہ پاکستان میں فلمیں بننے کا آغازہوگیا ہے۔

پاکستان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول 2018 میں بھارت، امریکا، جرمنی، اٹلی سمیت دیگرممالک سے تعلق رکھنے والے اداکار، اداکارائیں، ڈائریکٹر، پروڈیوسراورفلم ناقد شریک ہو رہے ہیں۔

پاکستان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کی ٹرافی ۔ فوٹو ہم نیوز
پاکستان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کی ٹرافی ۔ فوٹو ہم نیوز

کراچی فلم سوسائٹی کے تحت منعقدہ فیسٹیول کے سیشنز نیوپلکس ڈی ایچ اے، گوتھےانسٹیوٹ، اقراء یونیورسٹی ناظم آباد اور ڈیفنس کیمپس، الائنس اور ٹی ٹو ایف میں منعقد کئے جائیں گے۔

پاکستان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں چھ فلمیں، چار فلم پریمیئر، 19 فیچرفلمیں اور 119 مختصر دورانئے کی فلمیں پیش کی جائیں گی۔

کراچی فلم سوسائٹی نامی غیرمنافع بخش ادارے کے زیرانتظام منعقدہ فیسٹیول کا مقصد پاکستانی فلم اور فلمسازوں کو دنیا بھر میں روشناس کروانا ہے۔ پاکستانی ماہرین کو موقع فراہم کیا جائے گا کہ وہ غیرملکی ہنرمندوں کے ساتھ مشترکہ منصوبوں پر کام کر سکیں۔

نیوز کانفرنس کے دوران پی آئی ایف ایف کی ٹرافی کی رونمائی بھی کی گئی۔


متعلقہ خبریں