پاکستان میں بارشوں کا سسٹم جمعہ تک رہنے کا امکان


اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان میں جاری بارشوں کا سلسلہ 13 مارچ بروز جمعہ تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

اسلام آباد، راولپنڈی اور پشاور سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔ شمالی وزیرستان میں بھی بادل برس رہے ہیں۔

لاہور میں کالی گھٹاؤں کا راج ہے جب کہ جہلم میں مسلسل دس گھنٹے بارش نے جل تھل ایک کردیا ہے۔ ننکانہ صاحب میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔

پشاور میں وقفے وقفے سے بارش ہورہی ہے جو کل تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ لیہ، کوٹ سلطان اور فتح پور میں بھی گزشتہ رات سے بادل برس رہے ہیں۔

اٹک، پنڈی گھیب، فتح جنگ اور حسن ابدال میں بارش کے ساتھ ٹھنڈی ہوائیں بھی چل رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا اور کشمیر میں مزید بادل برسیں گے جب کہ ڈیرہ غازی خان کے ندی نالوں میں موسلادھار بارش سے طغیانی کا خدشہ ہے۔

مری میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ ایک بار پھر سے شروع ہو گیا ہے جو وقفے وقفے سے جاری ہے۔مسلسل بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔ مری محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ ہفتہ کی صبح تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج شمال مشرقی بلوچستان، اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اورکشمیرمیں گرج چمک/ تیزہواؤں کے ساتھ بارش اوربلند پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔


متعلقہ خبریں