کراچی: کورونا وائرس کا ایک اور مریض صحت یاب

فائل فوٹو


کراچی کے نجی اسپتال میں داخل کورونا وائرس کا ایک اور مریض صحتیاب ہوگیا ہے جس کے بعد انہیں ڈسچارج کردیا گیا ہے۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس کے اب تک 14 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

محکمے کے مطابق دو افراد کی صحت یابی کے بعد 12 افراد مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس، امریکہ کا یورپ پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان

دو روز قبل بھی کورونا وائرس کا ایک مریض صحت یاب ہوگیا ہوا تھا۔

دوسری جانب وائرس نے فرانس میں مزید 15 افراد کی جان لے لی جبکہ دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار 633 ہو گئی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق فرانس میں کورونا وائرس کے حملوں میں تیزی آ گئی ہے گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران فرانس میں مزید 497 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 2 ہزار 281 ہو گئی۔

کورونا وائرس دنیا کے 122 ممالک تک پہنچ گیا جس کے بعد کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ، 26 ہزار 369 ہو گئی۔

برطانیہ کے مزید 73 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی جس کے بعد برطانیہ میں متاثرہ افراد کی تعداد 456 ہو گئی۔

یہ بھی جانیں: کورونا وائرس کی روک تھام، پاک افغان بارڈر گیارہویں روز بھی بند

اٹلی میں کورونا وائرس سے اب تک 827 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ایران میں ہلاکتوں کی تعداد 354 ہو گئی۔ اٹلی نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے 28.3 ارب ڈالر مختص کر دیے۔

کورونا وائرس سے چین میں مزید 11 افراد ہلاک ہونے کے بعد صرف چین میں اموات کی تعداد 3 ہزار 169 تک پہنچ گئی۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے نمٹنے کے لیے نئی پابندیوں کا اطلاق کیا جا رہا ہے جبکہ آئندہ 30 دن کے لیے یورپ سے امریکہ آنے والوں کے لیے تمام طرح کا سفر معطل رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ پابندیاں سخت ضرور ہیں لیکن ان کا اطلاق برطانیہ پر نہیں ہو گا۔ وائرس کے نئے کیسز کو روکنے کے لیے یورپ سے امریکہ کے ساحل کا سفر بھی 30 دن کے لیے معطل رہے گا۔


متعلقہ خبریں